آئی ایس آئی کے سربراہ احمد شجاع پاشا کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع

ـ 10 مارچ ، 2010
  • Adjust Font Size

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + اے این این) آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے طور پر مدت ملازمت میں یہ توسیع دی ہے اور اس بنیاد پر وہ آئی ایس آئی کے سربراہ کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔ آرمی چیف نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے‘ احمد شجاع پاشا کی مدت ملازمت رواں ماہ کی 18 مارچ کو ختم ہو رہی تھی۔ اے این این نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن اور ملکی سلامتی کے حوالے سے افواج پاکستان کو درپیش غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی بطور لیفٹیننٹ جنرل مدت ملازمت میں کمپلسری ریٹینمنٹ کے اصول کے تحت ایک سال کی توسیع کی منظوری دی ہے۔ احمد شجاع پاشا کو 8 اکتوبر 2008ءکو ڈی جی آئی ایس آئی کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ آرمی چیف احمد شجاع پاشا سے قبل کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل مسعود اسلم، اقوام متحدہ میں تعینات لیفٹیننٹ جنرل سکندر افضل اور جی ایچ کیو میں فرائض سرانجام دینے والے لیفٹیننٹ جنرل تنظیم طاہر کی مدت ملازمت میں بھی توسیع کی منظوری دے چکے ہیں۔ نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے جنرل شجاع پاشا کو اپنا ملٹری سیکرٹری بنانے کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے پاکستان میں ہی رہ کر ملک کے لئے خدمات سرانجام دینے کو ترجیح دی۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کو مدت ملازمت میں توسیع دئیے جانے کا بنیادی مقصد حالیہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے تسلسل کو برقرار رکھنا اور غیر معمولی صورتحال کا بہتر طریقے سے سامنا کرنا ہے۔ دریں اثنا چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے شدت پسندوں کے خلاف جاری حالیہ آپریشن میں پاک فوج کی کارکردگی اور پیشہ وارانہ تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے پیشہ وارانہ مہارت ضروری ہے ‘ چیلنجز سے نمٹنے کےلئے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر سے جاری ایک بیان کے مطابق گزشتہ روز جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیر صدارت 127 ویں کورکمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی کی صورتحال ‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ ‘ پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شدت پسندوں کے خلاف جاری حالیہ آپریشن میں پاک فوج کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کور کمانڈر کانفرنس میں ایساف ہیڈ کوارٹر کے دورے ‘ مختلف ممالک کے اعلیٰ عسکری حکام سے ہونے والی ملاقاتوں ‘باجوڑ ایجنسی میں دہشتگردی کیخلاف ہونے والی کامیابی سمیت پاک فوج کی جنگی مشقوں کے مختلف پہلوﺅں کا بھی جائزہ لیا۔ آن لائن نے عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کانفرنس میں جنوبی وزیرستان میں جاری آپریشن راہ نجات کے نتائج پر بھی اطمینان ظاہر کیا گیا اور بے گھر افراد کی واپسی‘ بحالی اورتعمیرنو کے روڈ میپ کی بھی منظوری دے دی گئی جس کے مطابق اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں متاثرین کی اپنے گھروں کو واپسی شروع ہو جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف نے شرکاء کو بتایا کہ فوج قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کام بھی شروع کر چکی ہے جن پر 35 کروڑ روپے خرچ ہوں گے جبکہ دو ڈیم بھی وہاں بنائے جائیں گے۔ ثناءنیوز کے مطابق جنرل کیانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیر صدارت آج (بدھ کو) جی ایچ کیو میں آرمی پروموشن بورڈ کا اجلاس ہو گا جس میں 20 سے زائد بریگیڈئرز کو میجر جنرل کے عہدوں پر ترقی دئیے جانے کا امکان ہے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions