لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کالا باغ ڈیم کو سیاست کی نذر کیا گیا۔ اس ڈیم میں بہت زیادہ اکنامک پوٹینشل ہے جو ہماری معیشت کیلئے اہم ہے۔ ہمیں سندھ کے عوام کو قائل کرنا ہو گا کہ ڈیم ملک کے مفاد میں ہے۔ دہشت گردی کا آغاز مشرف دور میں ہوا۔ مشرف نے خون کی جو ہولی کھیلی دھماکے اسی کا نتیجہ ہیں۔ سندھ سے آنے والے نوجوانوں سے خطاب‘ امن و امان کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس کی صدارت‘ ماڈل ٹاﺅن میں بم دھماکہ سے متاثرہ علاقے کا دورہ‘ وفاقی وزیر دفاع احمد مختار اور عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حسین اے گزیری کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کالا باغ ڈیم اگرچہ معاشی لحاظ سے انتہائی اہم منصوبہ ہے لیکن اگر سندھ کے عوام کے اس ڈیم کے بارے میں خدشات دور نہیں ہوتے تو ملک کے وسیع ترمفاد میں اس منصوبے پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔ وزیراعلی نے قرآن اکیڈمی اور متاثرہ گھروں کا بھی معائنہ کیا‘ نقصانات کا جائزہ لیا اور علاقے کے لوگوں سے دھماکے سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کہا حکومت پالیسی کے مطابق نقصانات کی تلافی کرے گی۔ انہوں نے صوبے میں ضمنی انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ امن و امان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے تاکہ عوام پرسکون ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ سندھی نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ ملک سے غربت‘ جہالت ‘بے روزگاری اور ناانصافی کے خاتمے کے لئے پوری قوم کو اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پراکٹھے ہونا ہوگا اور اسی میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کا راز مضمر ہے۔ انہوںنے کہا ملک میں طویل آمریت کے بعد جمہوریت قائم ہوئی اور اب یہ سیاسی جماعتوں اور لیڈروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس نظام کے استحکام اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کےلئے دانشمندی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا ملک کے روشن مستقبل کی کنجی نئی نسل کے ہاتھ میں ہے اور ہمیں ان کی صلاحیتوں پر انحصار کرتے ہوئے تمام تر وسائل انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنے پرنچھاور کرنا ہوں گے۔ انہوںنے کہا پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے چاروں اکائیوں کے مابین ہم آہنگی‘ اخوت اور بھائی چارے کے جذبات کو فروغ دینا ہوگا اورمسائل کے حل کے لئے باہمی رابطوں کو مستحکم بنانا ہوگا۔وزیراعلی نے کہا گذشتہ 63برسوں کے دوران اپنی غلطیوں کی وجہ سے ملک کو صحیح معنوں میں قائد و اقبالؒ کے تصورات کے مطابق نہیں ڈھالا جاسکااور نہ ہی اداروں کو مضبوط بنایاجاسکا جس کی وجہ سے ہم ترقی کی بجائے تنزلی کی راہ پر ہیں۔ انہوںنے کہا آج جنرل مشرف کی غلط پالیسیوں کی بنا پر ملک مشکلات کا شکار ہے اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ اربوں روپے کی امداد کے باوجود بھاشا ڈیم جیسا اہم منصوبہ بھی شروع نہ کیاجاسکا جس سے ساڑھے تین ہزار میگاواٹ توانائی حاصل ہونی تھی۔ انہوںنے کہا وقت کا تقاضاہے کہ ہم ہوش کے ناخن لیں اور ملک کو خطرات سے نکالنے اور جمہوریت کے استحکام کے لئے اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔ انہوںنے کہا طویل آمریتوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیاہے لیکن ہمیں اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں پر انحصار کرتے ہوئے ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرناہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں تعلیمی شعبہ کی بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا دنیا کی کوئی قوم تعلیم کو فروغ دیئے بغیر ترقی نہیں کرسکتی اور تعلیم ‘ تعلیم اور صرف تعلیم ہی ہمارا مستقبل ہے۔ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایاہے اور علم کی کرنیں صوبے کے کونے کونے تک پھیلانے کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا متفقہ این ایف سی ایوارڈ محبتوں بھری کہانی ہے جس سے قومی یکجہتی کو فروغ ملا اور صوبوں میں دوریاں ختم ہوئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب نے این ایف سی کی منظوری میں قربانی دے کر کسی پر احسان نہیں کیا بلکہ ماضی میں پنجاب پر لگنے والے صحیح یا غلط الزامات کے داغ دھوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب سے بھی نوجوانوں کا وفد جلد سندھ بھجوایا جائے گا کیونکہ وفود کے باہمی تبادلوں سے صوبائی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ پولیس میں اصلاحات کیلئے میرٹ پر بھرتیاں کرنا ہوں گی۔ پاکستان کا مستقبل ہونہار طلبہ کے ہاتھ میں ہے۔ اچھی کارکردگی کے حامل اساتذہ کو بونس اور پلاٹ دئیے جائیں گے۔ دورہ ماڈل ٹاﺅن کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ پر گہرا افسوس ہوا ہے انہوں نے کہا پورا ملک دہشت گردی کے سنگین مسئلے سے دوچار ہے اور یہ ڈکٹیٹر جنرل مشرف کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ اگر آمر اغیار کے ساتھ مل کر خون کی ہولی نہ کھیلتا تو آج ہمیں یہ حالات نہ دیکھنا پڑتے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک قومی مسئلہ اور ناسور بن چکا ہے جس کا خاتمہ قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے اور انشاءاللہ پاکستان بہت جلد امن کا گہوارا بنے گا۔
Post New Comment