”زرداری“ سے متعلقہ کو ٹیکنا ریفرنس 6 غیر ملکی ڈائریکٹروں کے وارنٹ پھر جاری

ـ 10 مارچ ، 2010
  • Adjust Font Size

راولپنڈی (ریڈیو نیوز/ نیٹ نیوز) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے صدر آصف زرداری سے متعلقہ کوٹیکنا ریفرنس میں شریک ملزم چھ غیرملکی ڈائریکٹروں کے دوبارہ وارنٹ جاری کر دئیے ہیں۔ پولو گراﺅنڈ ریفرنس میں مقدمہ کی نقل شریک ملزم سعید مہدی کو فراہم کر دی گئی ہے۔ احتساب عدالت نمبر ایک میں پولو گراﺅنڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی تو شریک ملزم سابق چیف کمشنر اسلام آباد سعید مہدی کو ریفرنس کی نقول تقسیم کی گئیں‘ مزید سماعت 24مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔ توقع ہے آئندہ سماعت پر سعید مہدی پر فرد جرم عائد کی جائے گی‘ احتساب عدالت نمبر 2میں ایس جی ایس ریفرنس کی سماعت ہوئی تو شریک ملزم اے آر صدیقی کی عدم موجودگی پر ان کی بریت کی درخواست پر بحث نہ ہو سکی‘ مقدمہ کی مزید سماعت 18مارچ تک ملتوی ر دی گئی ہے۔ احتساب عدالت نمبر 3نے کوٹیکنا ریفرنس کی سماعت کی تو شریک ملزم 6غیرملکی ڈائریکٹروں کے وارنٹ دوبارہ جاری کئے گئے‘ ان میں کوٹیکنا کمپنی کے نائب صدر این جے ایچ مارسٹ‘ جنرل منیجر ولیم جے پوپلٹن‘ منیجر جان براڈ رسٹ‘ کمپنی کے رابطہ آفیسرز آئن ڈرہم‘ ہنٹلے اور کرس کلارک شامل ہیں۔ عدالت نے شریک ملزم اے آر صدیقی کو ایک پیشی پر حاضری سے استثنیٰ دینے کی درخواست منظور کر لی جبکہ مزید سماعت 2اپریل تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ریفرنس میں شریک ملزمہ نصرت بھٹو کی صحت کی صورت حال پر تفصیلات طلب کر لیں۔ عدالت نے پراسیکیوٹرز کی طرف سے توجہ دلانے کی استدعا پر کوٹیکنا ریفرنس کا ٹائٹل سرکار بنام بے نظیر بھٹو سے بدل کر سرکار بنام نصرت بھٹو بھی کرنے کی منظوری دی۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions