یوٹیوب اور فیس بک پر اب بھی گستاخانہ خاکے موجود ہیں‘ عدلیہ نوٹس لے : تحریک حرمت رسول

ـ 10 جون ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (خصوصی نامہ نگار) توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا سلسلہ جاری رہا اور دینی و سیاسی جماعتوں اور طلبا تنظیموں نے گذشتہ روز مختلف شہروں میں مظاہرے کئے اور جلسوں کا انعقاد کیا۔ تعلیمی اداورں اور مدارس کے طلبا سمیت تمام تر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تحریک حرمت رسول کل جمعہ کو ملک گیر احتجاج کریگی جبکہ تحریک حرمت رسول کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ یو ٹیوب اور فیس بک پر اب بھی گستاخانہ خاکوں والے لنکس موجود ہیں اس لئے پوری پاکستانی قوم مطالبہ کرتی ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کو سخت نوٹس لیتے ہوئے ان گستاخ ویب سائٹوں پر مکمل پابندی عائد کرنی چاہئے۔ ناروے، ڈنمارک اور سویڈن کے بعد امریکیوں کا اس گستاخانہ عمل میں حصہ لینے سے ثابت ہو گیا گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے دیگر ملکوں کو بھی امریکہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ اوکاڑہ میں لبیک یارسول اللہ تحریک کے زیراہتمام اوکاڑہ کی تاریخ کی بڑی ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی کچہری بازارسے غوثیہ مسجد چوک تک نکالی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک حرمت رسول پاکستان کل ملک بھر میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج کرے گی علماءکرام سیر ت رسول کے موضوع پر خطبہ جمعہ دیں گے مذمتی قراردادیں پاس کی جائیں گی اور مساجد کے باہر پر امن مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔ گذشتہ روز نارووال میں حرمت رسول کانفرنس ہوئی جس میں کسانوں و زمینداروں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاءنے گستاخ ملکوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما مولانا محمد اکرم ربانی نے کہا کہ عراق اور افغانستان میں شکست خوردہ امریکہ اسلام و مسلمانوں کے خلاف گھٹیا ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔ رہنماﺅں نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ حرمت رسول کے تحفظ کے حوالہ سے منعقدہ پروگراموں میں بھرپور انداز میں شریک ہو کر غیرت ایمانی کا ثبوت دیں۔اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق جماعت اہلسنت کے صوبائی رہنما صاحبزادہ محمد فضل الرحمن اشرفی، چیئرمین میلاد کمیٹی چودھری اصغر سہیل، سنی تحریک کے ندیم قادری انصاری، جمعیت علماءپاکستان کے ضلعی جنرل سیکرٹری شہزاد انجم انصاری، حافظ محمد اشفاق گجر، مولانا جمیل الرحمن، قاری خالد زاہد، فیاض احمد، مولانا محمد سعید اشرفی، قاری محمد ذاکر اور حافظ حسین رضا کی قیادت میں ریلی جامعہ مسجد غوثیہ رضویہ لیڈی پارک کچہری بازار سے شروع ہوکر کچہری بازار، گول چوک، صدر بازار ایم سی چوک، منڈی روڈ، دیپالپور روڈ، وینس چوک، سرور چوک، چرچ روڈ اور کچہری بازار سے ہوتی ہوئی غوثیہ مسجد چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ رہنماﺅں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ توہین رسالت کو برداشت نہیں کریں گے اور اپنے سینوں میں غازی علم الدینؒ اور عامر چیمہ بننے کی آرزو رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں تحریک حرمت رسول پاکستان کے کنونیئر مولانا امیر حمزہ، امیر تنظیم اسلامی حافظ محمد عاکف سعید، علامہ احمد علی قصوری، علامہ زبیر احمد ظہیر، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، مولانا محمد شفیع جوش، حافظ عبدالغفار روپڑی، مولانا محمد امجد خان، سید نور بہار شاہ، علامہ علی غضنفر کراروی، قاری محمد یعقوب شیخ، مولانا سیف الدین سیف، قاری یوسف احرار، حافظ خالد ولید، مولانا محمد عاصم مخدوم و دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ اٹھارہ کروڑ مسلمان گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے مسئلہ پر سراپا احتجاج ہیں لیکن حکمران تحفظ حرمت رسول کے مسئلہ پر وہ کردار ادا نہیں کر رہے جو انہیں کرنا چاہئے۔ پی ٹی اے کے ڈائریکٹر کو ان کی غلط بیانیوں پر فی الفور برطرف کیا جائے۔ پی ٹی اے کی یقین دہانیوں پر قطعاً کوئی بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کی طرح دیگر مسلم ملکوں کو بھی چاہئے کہ وہ فیس بک جیسی گستاح ویب سائٹ پر مکمل طور پر پابندی عائد کریں۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions