نئی دہلی + لاہور (رائٹرز + آئی این پی + خالد محمود خالد) بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان بھارت کے خلاف دہشت گردی روکنے کیلئے مؤثر اور مضبوط اقدامات کرے تو ہم آگے بڑھ کر اس کا استقبال کریں گے، پاکستانی قیادت کو عزم، حوصلے اور تدبر کا مظاہرہ کرنا چاہئے تاکہ تعلقات کیلئے بہتر ماحول قائم ہو، پاکستان کے ساتھ امن کیلئے دوبارہ کوشش اہم ہے لیکن تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ لوک سبھا میں بھارتی صدر کے خطاب پر اظہار تشکر کی قرارداد پر بحث کے دوران خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ امن چاہتا ہے اور اس سے دوستی کو اہم تصور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے بہترین مفاد میں ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ امن کیلئے دوبارہ کوشش کریں لیکن تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ حکومت پاکستان اپنے اقدامات میں مزید اضافہ کریگی اور ممبئی حملوں سمیت دیگر واقعات کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے ہر ممکن کوشش اور تمام تر وسائل استعمال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدم استحکام کی وجہ سے بھارت میں ترقی کی رفتار متاثر ہو رہی ہے پاکستان کو دہشت گردوں کا نیٹ ورک ختم کرنا ہو گا۔ پاکستانی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ دریں اثناء بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کرنا چاہتا ہے لیکن اس لئے پاکستان کو بھارت کی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔ بھارتی چینل سہارا ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 2008ء سے کنٹرول لائن پر Violation کے واقعات بڑھ گئے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بھارتی سفارتخانے اور ممبئی حملوں میں پاکستانی ایسٹیبلشمنٹ کے ملوث ہونے کے ثبوت سامنے آ چکے ہیں۔
Post New Comment