لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل چین کے ساتھ قریبی‘ تجارتی‘ اقتصادی اور صنعتی تعلقات سے وابستہ ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پنجاب چائنہ بیورو کے بریفنگ اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری‘ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیاتی‘ ڈپٹی چیئرمین انویسٹمنٹ بورڈ‘ سیکرٹری فنانس‘ ہائوسنگ‘ آبپاشی‘ لائیوسٹاک اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی معاشی حالت میں بہتری لانے کے لئے بیرونی سرمایہ کاری انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل الگ محکمہ بھی تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو نوکر شاہی کے روایتی طریقوں سے ہٹ کربیرونی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں فراہم کرے۔ انہوں نے اس مقصد کے لئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے جبکہ پنجاب اور چین میں مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے پنجاب چائنہ بیورو کو پاک چائنہ کمپنی میں تبدیل کرنے کی ہدایات کیں۔ علاوہ ازیں رنگ روڈ کی تعمیر کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت صوبے میں انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور رنگ روڈ‘ گلبرگ پارکنگ پلازہ‘ راولپنڈی ایکسپریس ویز اور دیگر منصوبوں میں چین کی کمپنی تعاون فراہم کر سکتی ہے۔ اجلاس میں قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مشیر سعید مہدی‘ جنرل (ر) ضیاء الدین بھی موجود تھے۔ اجلاس میں صف اول کی چینی تعمیراتی کمپنی ژن جیانگ بیژین ایکس جے بی ایکس کے نمائندے اپنی کمپنی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس معروف چینی کمپنی نے چین میں صرف دس ماہ میں رنگ روڈ مکمل کیا جبکہ لاہور رنگ روڈ دس سال بعد بھی مکمل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے چینی کمپنی کے نمائندے سے کہا کہ وہ اس منصوبے میں معاونت فراہم کریں۔ علاوہ ازیں وزیراعلی سے اراکین صوبائی اسمبلی رانا مبشر اور مہدی عباس لنگاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران رانا مبشر نے متاثرین سوات کی بحالی کیلئے 25 لاکھ اور مہدی عباس لنگاہ نے پانچ لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ٹاسک فورس خواجہ احمد حسان اور ایم این اے افضل کھوکھر بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے اراکین اسمبلی کے انسانیت کی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکلات میں گھرے ہوئے متاثرین کی مدد ہم سب کا دینی و اخلاقی فریضہ ہے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے پنجاب کے سرکاری تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم صوبہ سرحد کے آپریشن سے متاثرہ علاقوں کے تمام طلباء و طالبات کے ایک سال کیلئے تعلیمی اخراجات معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سہولت شانگلہ‘ اپردیر‘ لوئر دیر‘ بونیر‘ سوات اور مالاکنڈ ایجنسی کے طلبہ کیلئے ہے۔ معافی کا اطلاق پنجاب کے تمام سکولوں‘ کالجوں اور پیشہ وارانہ تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم طلبہ پر ہوگا۔
Post New Comment