ایپکا کی ملک گیر ہڑتال‘ لاہور سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے‘ پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا

ـ 10 فروری ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگاران) آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن کی اپیل پر گزشتہ روز ملک بھر میں ہڑتال کی گئی۔ لاہور سمیت قصور‘ ننکانہ صاحب‘ سرگودھا‘ دیگر شہروں میں مظاہرے بھی کئے گئے۔ لاہور میں مرکزی صدر چودھری محمد افضل کی سربراہی اور حاجی ارشاد ایپکا لاہور کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ پنجاب اسمبلی کے باہر ملازمین نے دھرنا دیا اور ”مر گئے بھوکے“ کے نعرے لگائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت نے پولیس، فوج اور دیگر اداروں کی تنخواہیں ڈبل کردی ہیں جبکہ سول ملازمین کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے۔ اگلے منگل کو گورنر ہاﺅس کے سامنے پورے لاہور کے ملازمین اکٹھے ہونگے اور 24 فروری کو پورے پاکستان میں قلم چھوڑ ہڑتال کی جائےگی اور پارلیمنٹ ہاوس کا گھیراﺅ کیا جائےگا۔ جلوس لائیوسٹاک ایپکا یونٹ سے نکالا گیا تھا ۔ ملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا ر کھے تھے جن پر درج تھا کہ سول ملازمین کی تنخواہوں میں فوری طور پر مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ ملازمین نے اعلیٰ حکومتی عہدےداروں کےخلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے چودھری محمد افضل نے کہا کہ وزیروں، مشیروں، کے اخراجات کم نہیں ہوئے ہیں لیکن ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کےلئے پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنا حق اب چھین کر لیں گے۔ حاجی ارشاد ایپکا لاہور کے صدر نے کہا کہ حکومت فوری طور پر چینی، تیل، گیس، بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا اعلان کر کے ملازمین کی تنخواہوں میں یکم جنوری سے اضافہ کا اعلان کرے۔ انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے کہا کہ وہ خود سوموٹو نوٹس لیں۔ ملازمین نے کافی دیر تک سڑک پر دھرنا دئیے رکھا اور بعدازاں سپیکر پنجاب اسمبلی کی یقین دہانی پر کہ آج ان کے وفد سے بات چیت کی جائےگی‘ دھرنا ختم کردیا گیا تاہم اس دوران ٹریفک بند ہونے سے لوگوں کو سخت پریشانی کا شکار ہونا پڑا۔سرگودھا سے نمائندگان کے مطابق آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی مرکزی قیادت کے حکم پر سرگودھا ڈویژن کے تمام دفاتر میں قلم چھوڑ ہڑتال و تالہ بندی کی گئی۔ محکمہ تعلیم کے ضلعی آفیسر سکینڈری سرگودھا کے دفتر میں ڈویژنل صدر چودھری ممتاز احمد نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مہنگائی کے تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں میں فوری طور پر اضافہ کرے۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی سینئر نائب صدر ملک محمد ذاکر‘ سینئر نائب صدر پنجاب محمد اشفاق جٹ نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر ہماری تنخواہوں میں اضافہ نہ کیا گیا تو بھوک ہڑتالی کیمپ لگائے جائیں گے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ضلعی صدر ایپکا ریاض احمد بھٹی چاندی کی قیادت میں ضلع بھر کے کلرکوں نے اپنے مطالبات منوانے کیلئے آج مکمل ہڑتال اور تالہ بندی کرکے ڈی سی او آفس کے باہر دھرنا دیا اور حکومت کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر ملک محمد آصف‘ سید ولادت علی شاہ‘ رانا محمد افضل‘ چودھری ظہور احمد‘ ساجد محمود‘ میاں ریاض احمد اور ریاض احمد بھٹی چاندی نے اپنی تقاریر میں مطالبہ کیا کہ اگر ہماری تنخواہوں میں دو سو فیصد اضافہ نہ کیا گیا تو ہم پورے پاکستان کے دفتری نظام کو جام کرکے حکومت کے تمام کاروبار کو روک دیں گے۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق قصور میں ایپکا کے زیراہتمام مہنگائی اور کم تنخواہوں کے خلاف جلوس کی قیادت صدر ایپکا قصور چودھری منظور نے کی جبکہ ایپکا کے دیگر عہدیداروں نائب صدر صادق انصاری‘ محمود الحسن‘ ولی محمد گجر‘ سجاد الحسن‘ نوید سعید اور دیگر نے شرکت کی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں دن بدن بڑھتی ہوئی مہنگائی کے لحاظ سے ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions