راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے + ریڈیو مانیٹرنگ + ایجنسیاں) افتخار جنجوعہ روڈ کینٹ مےں نجی گرلز ہاسٹل مےں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آتش زدگی کے باعث 6طالبات زندہ جل گئیں جبکہ 5طالبات سمیت 7افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ دوسری اور تیسری منزل پر آتش زدگی کے دوران طالبات آگ اور دھویں کے بادلوں مےں پھنس گئیں، ریسکیو 1122 کی ٹیموں اور سکیورٹی اہلکاروں نے کمروں کے شیشے توڑ کر سیڑھیاں لگا کر انہیں بحفاظت نکالا، آگ لگنے سے عمارت کو بری طرح نقصان پہنچا اور کئی جگہ سے عمارت مےں دراڑیں پڑ گئیں۔ جاں بحق اور زخمی طالبات ایمبولیسنوں میں ہسپتالوں میں منتقل کر دی گئیں‘ طالبات کی دل دہلانے والی چیخ و پکار نے امدادی ٹیموں اور وہاں موجود دیگر لوگوں کو غمزدہ کر دیا، آتشزدگی سہ پہر ساڑھے 4 بجے ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آتشزدگی بجلی کے شارٹ سرکٹ کا نتیجہ بتائی جا رہی ہے جبکہ ہاسٹل کے ڈائریکٹر ذیشان کا م¶قف ہے کہ ایک کمرے میں کوئی طالبہ جلتا ہیٹر یا استری چھوڑ گئی جس کی وجہ سے آگ لگی‘ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے ہاسٹل کے دونوں فلور لپیٹ میں لے لئے‘ اس ہاسٹل میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی سمیت مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات رہائش پذیر ہیں اس ہاسٹل کے ڈائریکٹر ذیشان نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ ہاسٹل میں 145 لڑکیاں رہائش پذیر ہیں جن میں سے 45 اپنے گھروں کو گئی ہوئی ہیں ایک سو طالبات ہاسٹل میں رہ رہی تھی۔ جاں بحق ہونے والی طالبات مےں فرح‘ ثوبیہ‘ آسیہ‘ اقراءناہید اور نویدہ مظہر شامل ہیں۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
ہاسٹل آتش زدگی
Post New Comment