لاہور (ریڈیو نیوز + ایجنسیاں) بھارتی انڈس واٹر کمشنر نے اسلام ہیڈ ورکس کا دورہ کیا اس موقع پر مقامی افراد نے بھارت کے خلاف سخت احتجاج کیا بھارتی انڈس واٹر کمشنر اورنگا ناتھن بھی دریائے ستلج کی صورتحال کو دیکھ کر پریشان ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی وفد کے ارکان نے اسلام ہیڈ ورکس اور دریائے ستلج کی تصاویر بھی اتاریں لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کا پانی روکا ہے جس کی وجہ سے ملک میں پانی کی کمی ہے اور زراعت مسائل کا شکار ہے۔ جی این آئی کے مطابق اسلام ہیڈ ورکس پر پاکستانی کمشنر سندھ طاس سید جماعت علی شاہ نے اپنے بھارتی ہم منصب ارنگا ناتھن اور ان کے ساتھیوں کو بیراج کے سٹرکچر اور وہاں سے پانی کے اخراج کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے ستلج بھارت کی تحویل میں جانے کے بعد علاقے میں ماحولیات اور زراعت کے شعبوں کو سخت نقصان پہنچا ہے۔ اس موقع پر بھارتی کمشنر نے کہا کہ چناب پر نئے منصوبے شروع نہیں کئے۔ معاہدہ سندھ طاس کے تحت پاکستانی کمشنر کو دریائے چناب پر نئے منصوبوں کی تعمیر شروع کرنے سے چھ ماہ قبل آگاہ کر دیا جائے گا۔ فی الحال وہاں پر سوال کوٹ یا کسی دوسرے منصوبے پر کنسٹرکشن کا آغاز نہیں ہوا۔ دونوں کمشنر آج اوکاڑہ کے نزدیک دریائے ستلج پر واقع سلیمانکی بیراج کا دورہ کریں گے۔
Post New Comment