تازہ ترین:

بے گھر افراد کیلئے کم لاگت ہاﺅسنگ سکیم کا اصولی فیصلہ کرلیا جلد آغاز کردیا جائے گا : شہبازشریف

ـ 9 فروری ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں بے گھر افراد کیلئے کم لاگت ہاوسنگ سکیم کے اجراءکا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور اس ضمن میں آئندہ چند روز میں منصوبے کو حتمی شکل دے کر سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائیگا۔ کم لاگت ہاوسنگ سکیم کے حوالے سے تفصیلات طے کرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو تمام پہلووں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ 10 روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ بے گھر افراد کیلئے کم لاگت ہاوسنگ سکیم کے علاوہ کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا جائے اور کچی آبادیوں میں کثیرالمنزلہ عمارتیں تعمیر کرکے بے گھر افراد کو فلیٹس الاٹ کئے جائیں۔ بے زمین کسانوں اور زرعی گریجویٹس میں بھی سرکاری اراضی تقسیم کی جائیگی جس کیلئے 21 اضلاع میں اراضی کی نشاندہی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور یہ اراضی نہایت شفاف طریقے سے تقسیم کی جائیگی۔ صوبے کی تیزرفتار ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ حکومت تعلیم، صحت، زراعت اور دیگر شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کو صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں کے بارے میں بریفنگ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب اور اسمبلی چیمبر میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چودھری نثار‘ مہتاب عباسی‘ خواجہ آصف‘ احسن اقبال‘ خواجہ سعد رفیق‘ حمزہ شہباز شریف‘ سینیٹر پرویز رشید‘ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ‘ صوبائی وزرائ‘ اراکین صوبائی اسمبلی اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم‘ صحت‘ زراعت‘ انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام ان کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکیں۔ چار ہزار سے زائد سکولوں میں آئی ٹی لیبز قائم کرکے تعلیمی شعبہ میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ عوام کو پینے کے صاف پانی‘ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ‘ ٹرانسپورٹ‘ بے زمین کسانوں‘ مزارعوں اور زرعی گریجوایٹس میں سرکاری اراضی کی تقسیم کے علاوہ کم آمدنی والے افراد کیلئے کم لاگت ہاﺅسنگ سکیموں کے منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔ کم لاگت ہاﺅسنگ سکیموں کے مختلف ماڈلز کا تفصیلی جائزہ لیاگیا ہے اور ان ماڈلز کی روشنی میں جلد ہی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے اس سکیم کا آغاز کر دیا جائیگا اور آغاز میں چند اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹس شروع کئے جائیں گے بعدازاں اس کا دائرہ پورے صوبے تک بڑھا دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی فلاح و بہبود ہمارا مشن ہے۔ کم لاگت ہاﺅسنگ سکیموں میں گھروں کی تقسیم نہایت شفاف اور قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پینے کا پانی بھی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور لوگ آلودہ پانی پینے کی وجہ سے وبائی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے اور ان علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions