لاہور (رپورٹنگ ٹیم/ ایجنسیاں) ملک کے طول و عرض میں تیسرے روز بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ سرگودھا‘ گوجرانوالہ ، شانگلہ اور مانسہرہ میں تودہ گرنے اور دیگر حادثات میں 12افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے‘ برفباری سے کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہونے سے نیٹو کو سپلائی بند ہو گئی۔ شدید بارشوں کے باعث دریائے سوات میں سیلاب آ گیا جس سے مینگورہ اور قریبی بستیوں میں پانی داخل ہو گیا اور علاقہ سے لوگوں کی نقل مکانی شروع ہو گئی۔ کئی شہروں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ بارشوں کے باعث پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ بارش کے باعث پشاور ائرپورٹ پر مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران پھسل گیا۔ لاہور میں بارش کے باعث 19فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے 3سرکاری ہسپتالوں کو بجلی کئی گھنٹے معطل رہی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت کشمیر، صوبہ بلوچستان، صوبہ سرحد اور پنجاب و سندھ میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مزید دو دن بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہےگا جبکہ مری ، گلیات، کشمیر،گلگت بلتستان، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کی توقع ہے۔ شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گزشتہ دو روز سے شاہراہ نیلم اور دیگر رابطہ سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہےں۔ تربت کے علاقوں بل نگور گوکدان سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں نے تباہی مچا دی‘ میرانی ڈیم کا رائٹ بنک کینال ٹوٹ گیا‘ سینکڑوں مکانات منہدم ہوئے‘ مال مویشی پانی میں بہہ گئے جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ 24گھنٹوں کے دوران لاہور 15‘ اسلام آباد 12‘ بالاکوٹ میں 31، کوئٹہ میں 18 اور کوئٹہ میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئیں جبکہ کالام میں 7 انچ ‘ کاغان میں 16انچ برف پڑی‘ امدادی کاموں میں تاخیر پر لوگوں نے مظاہرہ کیا۔ شانگلہ میں مکان پر پہاڑی تودہ گرنے سے چار افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ ہزارہ ڈویژن میں بھی موسلا دھار بارشوں اور برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں اور شاہرائے قراقرم بلاک ہوگئی۔ کاغان، ناران، سیف الملوک جھیل کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی اور مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ ادھر مانسہرہ کی تحصیل اوگی میں مکان بارشوں سے منہدم ہونے سے ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ادھر سوات کے علاقے بنگلہ دیش میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر لوگوں نے مکانات خالی کرنا شروع کر دئیے ہیں‘ بارش اور برف باری کے باعث کئی بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ مظفر آباد سے منقطع ہو چکا ہے۔ بارش پر لوگوں نے شکرانے کے نوافل ادا کئے جبکہ کسانوں کے چہرے کھل اٹھے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پکھڑیانوالی کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور مخالف سمت سے آتے ہوئے پیٹر رکشہ کے تصادم کے نتیجے میں سیف ارشد ہلاک جبکہ 4افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے تمام افراد لاہور ہائیکورٹ کے ملازم تھے جبکہ متوفی اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ دوسرا واقعہ کنگنی والا کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار کار نے سلپ ہوکر سڑک کنارے کھڑے عبدالناصر کو روند ڈالا۔ دریں اثناء احمد نگر کے قریب تیز رفتار کار الٹ کر قریبی کھیتوں میں جا گری جس سے سیف چٹھہ دم توڑ گیا جبکہ 4زخمی ہو گئے۔
Post New Comment