امریکی حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے اقدامات کرے‘ مہنگائی اور بیروزگاری انتہا پر ہیں‘ حکومیں ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکیں : نوازشریف

ـ 9 فروری ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (خبرنگار خصوصی/ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن کی ایوان وزیراعلیٰ میں خصوصی ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتحال، بھارت کی طرف سے پاکستان کو حالیہ مذاکرات کی پیشکش، لندن کانفرنس، طالبان سے مذاکرات اور باہمی امور کے مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ ایوان وزیراعلیٰ میں تقریباً دو گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف بھی موجود تھے جبکہ سابق پرنسپل آفیسر برائن ڈی ہنٹ امریکی سفیر کے ہمراہ تھے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نے امریکی سفیر کے ساتھ ڈاکٹر عافیہ سے متعلق معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے امریکی جیوری کی طرف سے ڈاکٹر عافیہ کیخلاف دئیے جانیوالے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے پاکستانی قوم میں شدید اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا امریکی حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے اقدامات کرے۔ پاکستان بھارت مذاکرات کے حوالے سے حالیہ بھارتی پیشکش پر گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں مختلف مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے، امریکہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دباﺅ ڈالنا چاہئے کیونکہ کشمیر کا مسئلہ دونوں ممالک میں مسائل کی بڑی وجہ ہے، امریکی سفیر نے بھی دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت گفت وشنید سے تمام مسائل کا حل ڈھونڈیں، افغانستان سے متعلق گزشتہ دنوں لندن کانفرنس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ افغانستان میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مذاکرات تعلیم اور صحت کے لیے فنڈز اور انفراسٹرکچر کی بحالی وقت کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے مذاکرات بہترین راستہ ہیں، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے امریکی سفیر کو صوبہ بھرمیں تعلیم اور صحت سے متعلق دونوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں اورانفرادی منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا، نوازشریف کا کہنا تھا کہ امریکہ کو چاہےے کہ وہ پاکستان کی تعلیم، صحت ، زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھائے، امریکی سفیر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جمہوریت کے لئے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ امریکہ پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہیگا۔ انہوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ امریکہ پاکستان کو اپنا دوست سمجھتا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اس کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ جی این آئی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نے امریکی سفیر پر زور دیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس میں عالمی قوانین اور اصولوں کی پاسداری کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اس معاملے میں سخت مضطرب ہے اور امریکہ عوامی جذبات کو پیش نظر رکھتے ہوئے انصاف پر مبنی اقدامات کرے۔ آئی این پی کے مطابق چودھری نثار علی خان نے میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف سے ملاقات کی ہے جس کے دوران انہوں نے حلقہ این اے 55میں انتخابی حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے آئینی کمیٹی کی رپورٹ کی تکمیل کے حوالے سے تاخیر کے معاملے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ میاں نوازشریف نے کہاکہ حکومت میثاق جمہوریت پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائے‘ جمہوریت کو مستحکم بنانے کیلئے حکومت کیساتھ تعاون کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ان کی جماعت پارلیمنٹ میں مﺅثر کردار ادا کریگی۔
لاہور (خبر نگار خصوصی) کم آمدنی والے افراد کو مکانات‘ بجلی‘ گیس‘ پانی اور سیوریج کی فراہمی اور اچھی رہائشی سہولیات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے۔ اس سلسلے میں نئے شہروں کو بسانے کے ساتھ ساتھ بڑے شہروں کی کچی آبادیوں کو بہتر کیا جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے پنجاب حکومت کی طرف سے دی جانے والی ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ کے دوران کیا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور سردار ذوالفقار کھوسہ کے علاوہ سرتاج عزیز‘ سردار مہتاب خان‘ چودھری نثار علی خان‘ خواجہ آصف‘ احسن اقبال اور پرویز رشید نے شرکت کی۔ نوازشریف نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں حکومتیں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بےروزگاری انتہا پر ہیں جس کی وجہ پٹرول کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ اور بجلی کی نامناسب لوڈ شیڈنگ ہے۔ ایسی صورتحال میں مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت کو آگے آنا چاہئے اور جو کچھ صوبائی حکومت کے بس میں ہے اس پر مستعدی سے عمل کرے اور کم آمدنی والے افراد کو مکان‘ صاف ستھری رہنے کی جگہ اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ عا م آدمی کے مسائل اور تکلیفیں کم ہوں۔ نوازشریف نے کہا کہ ہم لوگوں کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لئے آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ جو کچھ ہمارے بس میں ہے کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بھلائی کے منصوبے عوامی نمائندوں کے مشورے اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین کی مدد سے کم سے کم وقت میں تیار کئے جائیں اور ان پر فوری عملدرآمد بھی کیا جائے تاکہ قیمتوں میں اضافہ ان منصوبوں کو متاثر نہ کرے اور ان کی افادیت کا ثمر زیادہ سے زیادہ مستحق لوگوں تک پہنچے۔ میاں نوازشریف نے پنجاب حکومت کے فلاحی پروگراموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی کے لئے کم لاگت ہا¶سنگ سکیم کا فیصلہ ایک احسن اقدام ہے۔ بے گھر افراد کے لئے کم لاگت ہا¶سنگ سکیم کے علاوہ کثیر المنزلہ عمارات تعمیر کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے اور کچی آبادیوں میں کثیر المنزلہ عمارات تعمیر کر کے بے گھر افراد کو فلیٹس الاٹ کئے جائیں۔ پاکستان میں 63 برس سے بسنے والے بے گھر افراد کا بھی حق ہے کہ انہیں بھی حق ملکیت ملے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions