ظفروال/ نارووال (نامہ نگاران) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم ملک میں بنیادی تبدیلی لانا چاہتے ہیں‘ پاکستان کو قائداعظمؒ کے خوابوں کی تعبیر بنا کر دم لیں گے‘ معمولی بات پر غریب آدمی جیل چلا جاتا ہے جبکہ بڑے سے بڑا کرپٹ لیڈر اعلیٰ عہدوں پر فائز ہو جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ظفروال میں چودھری محمد سرور مرحوم کی پانچویں برسی پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک مہنگائی کے سمندر میں ڈوب رہا ہے‘ حکومت ایک لٹر پٹرول میں 20روپے ٹیکس وصول کرتی ہے اور حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں‘ ہم امریکہ کے آگے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عافیہ اس ملک کی بیٹی ہے جس کو 3بچوں سمیت پاکستان سے اٹھایا گیا‘ ہم پاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں جن لوگوں نے اسے امریکہ کے حوالے کیا تھا ان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے صوبائی رہنما بیرسٹر منصور سرور نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں نارووال سے نامہ نگار کے مطابق عمران خان جونہی نارووال چوک بائی پاس پر پہنچے تو بارش کے باوجود رانا لال بادشاہ صدر تحریک انصاف ضلع نارووال اور سینکڑوں کارکنوں و عہدیداروں نے انکا شاندار استقبال کیا۔ عمران خان کے دورے کے دوران مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق ضلع ناظم نارووال جاوید صفدر کاہلوں نے اپنے درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ نارووال بائی پاس پر استقبال کے لئے موجود تھے۔
Post New Comment