پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ ہے نہ فوج سے براہ راست رابطے کا منصوبہ : بھارت

ـ 9 اگست ، 2010
  • Adjust Font Size

نئی دہلی (آن لائن) بھارت نے ایک بار بھر پاکستان پر دہشت گردی کو اس کے خلاف پالیسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کیاہے اور کہاہے کہ پاکستان کی طرف سے دہشت گردی سے مسلسل انکار ناقابل قبول ہے بھارت کا مزید کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی سویلین حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے گا لیکن مذاکرات کی کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔ فوج کے ساتھ براہ راست رابطے قائم کرنے کا اس کاکوئی منصوبہ نہیں ہے۔ حالیہ وزراءخارجہ سطح کے مذاکرات کو ناکام نہیں کہا جا سکتا۔ پاکستان مذاکرات کی ہماری حقیقی و سنجیدہ کوششوں کو کمزوری نہ سمجھے ۔ ان خیالات کا اظہار بھارتی سیکرٹری خارجہ نروپما راﺅ نے ایک مقامی میگزین اور ٹی وی کو انٹرویوز میں کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان اکثر ریاستی عناصر کو ملوث کرکے دہشت گردی کو بھارت کے خلاف پالیسی کے طورپر استعمال کررہا ہے اور خبردار کیا کہ اسلام آباد کی جانب سے بھارتی دعوﺅں کو مسلسل مسترد کرنے سے دونوں ملکوں کے مابین اعتماد کا فقدان مزید گہرا ہوگا تاہم ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے مابین وزراءخارجہ سطح کے حالیہ مذاکرات کو ناکام خیال نہیں کیا جانا چاہیے اور اس بات کا اشارہ دیاہے کہ ایک متنازعہ پریس کانفرنس سے سرکاری ملاقاتوں میں ہونےوالی پیش رفت کا اندازہ لگانا درست چیز نہیں تھی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کے ساتھ دیرپا امن کا راستہ آسان نہیں ہو گا اس حوالے سے ہم کسی دھوکے میں نہیں رہنا چاہتے۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ نے ممبئی حملوں کے ملزمان کے مقدمے میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ کچھ مثبت اشارے بھی ملے ہیں اور یہ بڑی حقیقت ہے کہ پاکستان اعتراف کرتاہے کہ ممبئی حملوں کا منصوبہ اس کی سرزمین پر تیار ہوا اور اس میں اس کے شہری ملوث تھے یہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ دونوں ملکوں کے مابین برف پگھلے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس میں مزید سوالات کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا اگر ایسا نہ ہوتا تو اس قسم کا واقعہ پیش نہ آتا۔ دریں اثناءٹی وی انٹرویو میں نروپما راﺅ نے کہا کہ بھارت پاکستان کی سویلین حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے گا اور اس کا پاک فوج کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ وکی لیکس رپورٹ کے باوجود پاکستانی سویلین حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رہیں گے۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ افغانستان خود مختار ملک ہے اور وہ پاکستان کو اس کی خودمختاری ختم کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ دریں اثنا بھارتی سیکرٹری خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستان کو ہتھیاروں کی فروخت پر امریکہ کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے اور وہ امریکہ کی طرف سے پاکستان کو ”بلینک چیک“ دئیے جانے کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی ہتھیار بھارت کے خلاف استعمال کر سکتا ہے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions