لاہور (خصوصی نامہ نگار) شہدائے داتا دربار کے چہلم کے موقع پر منعقد ہونے والی قومی امن کانفرنس میں سنی اتحاد کونسل نے دہشت گردی کے خاتمے، امن کے قیام، اپنے مطالبات کی منظوری اور انقلاب نظام مصطفی ﷺ برپا کرنے کے لئے16۔اکتوبر کو لاہور سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کا اعلان کردیا ہے ، لانگ مارچ سے قبل صوبائی سطح پر کنونشن اور امن مارچ منعقد ہوں گے، اس بات کا اعلان سنی اتحاد کونسل کے چیئر مین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے ”قومی امن کانفرنس“ سے صدارتی خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے حامی پاکستان کے غدار، امریکہ کے وفادار ہیں۔ قومی امن کانفرنس کے لاکھوں شرکاءسے جماعت اہل سنت کے امیر پروفیسر سید مظہر سعید کاظمی، علامہ سید ریاض حسین شاہ، سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب، عالمی تنظیم اہل سنت کے امیر پیر محمد افضل قادری، سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری، پیر سید محفوظ مشہدی، پیر سید محمد حبیب عرفانی، ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی، پیرسلطان فیاض الحسن قادری، پیر عظمت علی شاہ، پیر احمد سعید یار سیفی، صاحبزادہ فضل الرحمن اوکاڑوی، صاحبزادہ خالد سلطان قادری، پیر سید صفدر شاہ گیلانی، مفتی محمد اقبال چشتی، پیر سید اجمل شاہ گیلانی، پیر سید محمد اقبال شا ہ، محمد نواز کھرل، محمد ضیاءالحق نقشبندی، سید شاہد حسین گردیزی، مولانا محمد نواز بشیر جلالی، علامہ فدا،حسین حافظ آبادی، مولانا محمد نعیم عارف نوری، صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شاذی، پیر ضیاءالمصطفیٰ حقانی، پیر خادم حسین شرقپوری، پیر سید مزمل حسین شاہ ، سردار محمد خان لغاری نے بھی خطاب کیا ۔ کانفرنس میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کے تمام چھوٹے بڑے شہروںسے ہزاروں قافلوں نے شرکت کی داتا دربار کے سامنے بنائے گئے وسیع وعریض سٹیج پر کم وبیش ایک ہزارعلماءومشائخ بیٹھے تھے جبکہ داتادربار کے سامنے کی تمام سٹرکیں اور بھاٹی چوک کانفرنس کے پرجوش شرکاءسے بھرا ہوا تھا ہر طرف گنبد خضریٰ والے سبز پرچم لہرا رہے تھے کانفرنس کے شرکاءوقفے وقفے سے داتا تیرے چوکیدار بے شماربے شمار ،امریکہ نہ طالبان پاکستان پاکستان،پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے ،اولیا ءکا ہے فیضان پاکستان پاکستان ،طالبان کا جو یار ہے غدار ہے غدارہے جےسے نعرے بلند کرتے رہے ۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہاکہ اہل سنت کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ہم مسلم لیگ (ن) کے اتحادی تھے اور پچھلے کئی انتخابات میں یارسول اللہ کہنے والوں نے مسلم لیگ کی ملک بھر میں حماےت کی اورجنرل مشرف کے آٹھ سالہ دور آمرےت میں پوری استقامت اور جرات کے ساتھ مسلم لیگ کا ساتھ نبھایا لیکن مسلم لیگ ہمیں اپنے سے الگ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ جان دے دوں گا لیکن پاکستان کے تحفظ اور قیام امن کے لئے دہشت گردوں کے خلاف آواز بلند کرتا رہوں گا، دہشت گردوں کے حامی پاکستان کے غدار اور امریکہ کے وفا دار ہیں، قومی امن کانفر نس میں لاکھوں سفیران امن نے شریک ہو کر دہشت گردوں کا خوف توڑ دیا ہے اور قوم کو دہشت گردوں کی مزاحمت کے لےے متحد کر دیا ہے۔ انقلاب نظام مصطفی برپا کر کے دم لیں گے حکمران سن لیںدہشت گرد وں کے سرپرستوں اور داتا علی ہجویر ی کے غداروں کے اقتدار کا دھڑن تختہ قریب ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق انہوں نے کہاکہ سانحہ داتا دربار کے ملزم گرفتار نہ کرنے کے خلاف 26اگست کو کل پاکستان علماءمشائخ کانفرنس لاہور میں بلائی جائیگی جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ آئی این پی کے مطابق کہاکہ صدر کو آج سیلاب زدگان میں موجود ہونا چاہئے۔ آن لائن کے مطابق انہوں نے کہاکہ جو حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے گی اس کا ساتھ دینگے، دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات نہیں ہو سکتے اور جو حکومت ایسا کرے گی وہ پاکستان، اسلام اور قوم کی غدار تصور ہو گی۔ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ملک بچانے اور بارود کی جگہ درود کی خوشبوپھیلانے کے لئے خانقاہوں سے نکل کررسم شبیری ادا کرنے کا وقت آگیا ہے، اہل سنت کا بچہ بچہ شوق شہادت سے سرشار اور مزارات اولیاءکا چوکیدار ہے۔ ثروت اعجا ز قادری نے کہا کہ حکومت نے ہمیں انصاف فراہم نہ کیا تو ہم حکومتی ایوانو ں کا گھیراﺅ کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ داتا دربار غریبوں کی پناہ گاہ ہے اس کو ویران کرنے کی سازش کرنے والے ظلمات فروش اور ان کے سرپرست برباد ہو جائیں گے اور داتا کا آستانہ آباد رہے گا حاجی حنیف طیب نے کہا کہ قوم اپنی نفرتوںکا رخ دہشت گردوں کی طرف موڑ دے انہوں نے کہا دہشت گرد اور ان کے ہمدرد تنہا ہوچکے ہیں۔ علاوہ ازیں قومی امن کانفرنس میں مختلف قرار دادیں منظورکی گئی جن میں مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی افواج کے بے گناہ کشمیریوں پر ظلم وستم کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کی مکمل تائید وحماےت کا اعلان کیا گیا اور آزادی کی جنگ لڑنے والے فلسطینیوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا گیا، ایک قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ امریکی فوجیں فی الفور افغانستان سے نکل جائیں اورافغان قوم کو آزادا نہ ماحول میں اپنی حکومت سازی کا حق دیا جائے۔ قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوںکو پاکستان کی خود مختاری کے لئے بہت بڑاچیلنج قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستا ن سے امریکہ کو اس جارحیت سے واضح اور دو ٹوک انداز سے روکنے کا مطالبہ کیا گیا، ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں حکومت سے تمام سرکاری وسائل متاثرین سیلاب کی بحالی پرصرف کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایک قرارداد میں کہا گیا کہ حکمران اللے تللے پر قومی خزانہ خرچ کرنے کی بجائے مہنگائی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے۔ ایک قرار داد میں دہشت گردی کی روک تھام کے لئے صوبہ میں بلا تخصیص تمام مدارس اور مشکو ک اداروں پر بغیر وارننگ کریک ڈاﺅن کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ ایک قرارداد کے ذریعے داتا دربار کے سکیورٹی نظام دربار پر متعین، اوقاف کے عملہ اور انتظامیہ کی کڑی سکروٹنی کروانے کا بھی مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کو فی الفور برطرف کیا جائے۔ ایک اور قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ گستاخیوں پر مشتمل کتابیں اور دوسرامنفی ،زہر آلوداور فرقہ وارانہ لڑیچر ضبط کرکے اس کے آئند ہ اشاعت پر پابندی لگائی جائے ۔ ایک قرارداد کے ذریعے جمعیت علماءہند کے سربراہ محمود مدنی کے اس بیان کی مذمت کی گئی جس دوقومی نظریہ اورجہاد کشمیر کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی تھی جبکہ حکومت سے محمود مدنی کے پاکستان داخلے پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی بھی مذمت کی گئی۔ ایک قرارداد کے ذریعے پنجاب یونیورسٹی میں داتا علی ہجویریؒ چیئر قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
Post New Comment