بھارتی آبی جارحیت کیخلاف جماعة الدعوة کی لاہور میں ریلی‘ ملک گیر تحریک کا اعلان

ـ 8 مارچ ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) جماعة الدعوة پاکستان نے بھارتی آبی جارحیت کیخلاف لاہور میں ناصر باغ سے اسمبلی ہال چوک تک ”کشمیر کسان ریلی“ نکالی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے‘ کثیر تعداد میں ٹریکٹر ٹرالیوں‘ موٹر سائیکلوں پر سوار سفید پگڑیاں باندھے کسانوں نے ہاتھوں میں کدالیں اور بیلچے اٹھا رکھے تھے جبکہ پلے کارڈز اور بینرز پر ”فصلوں کی شادابی تک جنگ رہے گی“۔ ”راوی کی دہائی ہے ہندو کی شامت آئی“ سمیت دیگر تحاریر درج تھیں۔ شرکاءنے پانی چور‘ پانی چور انڈیا چور انڈیا چور کے بھی زبردست نعرے لگائے۔ کسان کشمیر کاررواں سے اسمبلی ہال چوک میں امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی آبی جارحیت کیخلاف ملک گیر تحریک چلائی جائے گی۔ کشمیر کی طرح بھارت دریائے کابل میں بھی ڈیم بنا رہا ہے تاکہ پاکستان کو کہیں سے پانی نہ ملے۔ بھارت پاکستان کا پانی روک کر جنگ بھڑکا رہا ہے اور پھر کہتا ہے کہ ہم نے پانی اور مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کرنی‘ وہ پاکستانی دریاﺅں پر ڈیم تعمیر کرکے پاکستان کو توڑنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ آٹھ لاکھ بھارتی فوج کشمیر میں ظلم ڈھا رہی ہے۔ امریکہ اور یورپ نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ اس موقع پر جماعة الدعوة سیاسی امور کے سربراہ حافظ عبدالرحمان مکی‘ مولانا امیر حمزہ‘ محمد اشفاق محمد‘ یحییٰ مجاہد‘ حسنین صدیقی‘ مولانا ادریس فاروقی‘ مولانا غلام قادر‘ انعام اللہ و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ اگر بھارت آبی دہشت گردی سے باز نہ آئے تو پاکستان اپنے دریاﺅں کے پانی کے تحفظ کیلئے طاقت کے استعمال کا آپشن کھلا رکھے‘ بھارت کیساتھ مذاکرات میں سب سے پہلے کشمیر اور پانی کے مسئلہ کو فوکس کیا جائے‘ صرف بیانات سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ اقوام متحدہ کشمیر میں بھارت کے آبی منصوبوں کا نوٹس لے‘ آزادی کشمیر سے ہی پاکستان کے پانی‘ بجلی سمیت دیگر مسائل حل ہونگے۔ دریں اثناءپروفیسر حافظ سعید نے مزید کہاکہ قوم کو متحد اور بیدار کرنا ہمارا فرض ہے‘ بھارت ہماری آواز کو دبا نہیں سکتا‘ پانی پر قبضہ پاکستان کیلئے زندگی موت کا مسئلہ ہے‘ اللہ کرے پاکستان کے حکمرانوں کی غیرت بھی جاگ جائے۔ پروفیسر عبدالرحمن مکی نے کہاکہ بھارت کو ڈیموں کی تعمیر مہنگی پڑے گی ہم ڈیموں سمیت کشمیر حاصل کرینگے۔ امیر حمزہ نے کہاکہ آج سندھی‘ بلوچی‘ پنجابی‘ پٹھان اور کشمیری متحد ہوکر بھارت کے خلاف قربانیاں پیش کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ عبدالعزیز علوی نے کہا کہ بھارت ہمارے حکمرانوں کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاکر پاکستانی دریاﺅں پر ڈیم بنا رہا ہے‘ چیف جسٹس حکومتی ذمہ داروں کیخلاف ازخود نوٹس لیں۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions