گورنر بادشاہ آدمی ہیں‘ ان کی کسی بات کا جواب دیا نہ دوں گا : شہبازشریف

ـ 8 فروری ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور ( خبر نگار خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب بادشاہ آدمی ہیں۔ اس سوال پر کہ گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ بسنت لازمی منائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ میں نے گورنر کی کسی بات کا پہلے جواب دیا ہے نہ اب دونگا۔ بسنت پر تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے‘ کسی معصوم کا گلا کاٹنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ گورنر جو چاہے کہتے رہےں ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے جن سے صرف نظر نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ گجرات کے واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کی ہدایت کردی ہے۔ یہ واقعہ کسی باہمی دشمنی کا نتیجہ ہے تاہم انہوں نے کہاکہ ہم اس قسم کی غیر قانونی حرکت کی کسی کو اجازت نہیں دینگے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہترین انفراسٹرکچر کسی بھی ملک کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور اسی اہمیت کے پیش نظر حکومت پنجاب نے اس شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جلوپارک میں عالمی معیار کی تفریحی سہولتیں فراہم کرکے اسے بہترین پارک بنایا جائے گا جبکہ بچوں اور بڑوں کے لئے لاہور کینال پر پُرکشش پکنک مقامات بنائے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے مولانا شوکت علی و مادر ملت روڈ کے افتتاح اور جلوپارک میں عالمی معیار کی تفریحی سہولتوں کی فراہمی‘ پارک اینڈ رائیڈ منصوبہ‘ لاہو کینال پر پکنک مقامات‘ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) اور لاہور گنڈا سنگھ والا روڈ پر شجرکاری سمیت مختلف منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی‘ اعلیٰ سرکاری افسران اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناءاتوار کے روز گورنر سلمان تاثیر اور وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ایک دوسرے کے خلاف کوئی بات کہنے یا طنز کرنے سے اجتناب برتا۔ لاہور پولو کلب میں منعقدہ تقریب میں گورنر سے وزیراعلیٰ کے ایک بیان پر ردعمل پوچھا گیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہاکہ اب اس پر بات نہیں ہو گی۔ بعدازاں انہوں نے ہنستے ہوئے کہاکہ کیا اتنے خوبصورت موسم اور اتنی ٹھنڈی ہوا میں گرما گرمی کرانا ضروری ہے میں بھی اپنے فارم پر آ گیا ہوں وہ بھی اپنے فارم پر چلے گئے ہوں گے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions