اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + ایجنسیاں) مسلم کانفرنس کے امیدوار احمد رضا قادری نے ایل اے 40 ویلی 5 کا ضمنی انتخاب جیت لیا۔ سیکٹر جی سکس ٹو پولنگ سٹیشن مسلم کانفرنس اور پی پی کے کارکنوں کے درمیان میدان جنگ بن گیا۔ کارکنوں نے ایک دوسرے کےخلاف نعرے لگائے کرسیاں ماریں اور فائرنگ کی جس سے ریٹائرڈ کیپٹن جاں بحق اور ایک کارکن زخمی ہوگیا۔ فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی۔ آزاد کشمیر کے وزیر پیر مرتضیٰ پر بھی حملہ کیا گیا جبکہ لڑائی کے دوران پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ وزیر داخلہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے علاقہ مجسٹریٹ اور ایس ایچ او آبپارہ معطل اور ڈی ایس پی کا تبادلہ کر دیا اور عدالتی تحقیقات کا حکم دےدیا۔ پولیس نے آزاد کشمیر کے وزیر ہاﺅسنگ مرتضیٰ گیلانی، نومنتخب رکن اسمبلی احمد رضا قادری سمیت مسلم کانفرنس کے 7 ارکان کےخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم کانفرنس کے احمد رضا قادری نے 2164 جبکہ پی پی پی نے 1063 ووٹ حاصل کئے۔ ہنگامہ آرائی پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے کارکنوں مےں جعلی ووٹ ڈالنے کے الزام مےں ہوئی۔ اس دوران فائرنگ بھی ہوئی جس سے پیپلز پارٹی کا کارکن کیپٹن ریٹائر طارق محمود گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ اس دوران کشیدگی بڑھی نعرے بازی شروع ہوگئی دونوں جماعتوں کے لیڈروں پر الزامات سے کشیدگی شدت اختیار کر گئی اور پولیس کی موجود مےں کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراﺅ کیا اور کرسیاں برسائیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے ضمنی انتخاب کے نتائج کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں قتل ہونے والے ہمارے کارکن کی ایف آئی آر میںنامزد ملزمان گرفتار نہ کیے گئے تو ہم لانگ مارچ کریں گے ۔ مسلم لیگ (ن) اور پنجاب حکومت نے عوام کی آراء پر شب خون مارا ہے اور اس سے ان کا اصل چہرہ سامنے آ گیا ہے۔
Post New Comment