لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کوئی مانے یا نہ مانے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کو یکجا کرنا پیپلز پارٹی کی بہت بڑی کامیابی ہے اور پوری دنیا اسے مان رہی ہے۔ مسئلہ کشمیر کے ایشو پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے یہ ہماری آخری حکومت نہیں پھر بھی آنا ہے قوم سے جھوٹ نہیں بولیں گے بلکہ سارے حقائق بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک ہوتے ہی پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو جائے گا اورجب سرمایہ کاری ہو گی تو مہنگائی‘ بیروزگاری جیسے مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سٹیٹ گیسٹ ہاﺅس میں پیپلز پارٹی لاہو رسے تعلق رکھنے والے وزرا‘ اراکین اسمبلی اور عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ثمینہ خالد گھرکی‘ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر رانا آفتاب احمد خان‘ سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد‘ لاہور کے صدر چودھری اصغر گجر‘ پیپلز پارٹی شعبہ خواتین لاہور کی صدر ساجدہ میر‘ جنرل سیکرٹری فائزہ ملک، عظمیٰ بخاری اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پارٹی اختلافات کو گلیوں اور بازاروں کی بجائے پارٹی کے اندر ہی زیر بحث لانا چاہئے۔ کسی کو صدر‘ میرے یا کسی وزیر کے بارے میں تحفظات ہیں تو پارٹی کے اندر رہ کر بات کرے۔ کئی پارٹی رہنما تو مجھ سے بھی سینئر ہیں اور ہم ان کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔ جب بھی کوئی بڑا ایشو آتا ہے تو میں پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے کہتا ہوں کہ وہ پارٹی کی سی سی کا اجلاس بلائیں اور وہ اجلاس بلا کر سب کو اعتماد میں لیتے ہیں لیکن شاید ہم حکومتی فیصلوں سے پارٹی کو بروقت آگاہ نہیں کر سکے اسی وجہ سے فیصلے ہم کرتے رہے اور کریڈٹ کوئی اور لے جاتا رہا ۔ پیپلز پارٹی ہی پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے جو صرف چاروں صوبوں میں نہیں بلکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی موجود ہے لیکن ہم نے اسے مزیدفعال بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پالیسی بہت اہم ہے اور ذوالفقار علی بھٹو شہید نے کشمیری عوام کی حمایت کرتے ہوئے بطور وزیر خارجہ استعفیٰ دیا اور پھر اپنی پارٹی بنائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے ابتدائی دو سال مشکلات کے تھے‘ آئندہ 3 برسوں میں عوام کو ریلیف دیں گے جو لوگ دہشت گردی کو سپورٹ کر رہے ہیں‘ عوام ان کو ووٹ نہیں دیں گے‘ بلاول کو بھی آگے لے کر آنا ہے‘ پارٹی کارکنان کوتاہی دیکھتے ہیں تو نشاندہی کریں۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ایف سی کالج کے سالانہ عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں معیاری تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ تعلیم کی بلاامتیاز فراہمی اور شرح خواندگی میں اضافہ کر کے نفرت‘ شدت پسندی اور تشدد کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے‘ ایف سی کالج کا ماٹو محبت اور امن کے ذریعے دوسروں کی خدمت کرنا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمشن کالجوں اور یونیورسٹیوں میں 5 سال کے عرصہ کے دوران داخلوں کی شرح کو دوگنا کرنے کے لئے کوشاں ہے اور آئندہ 10 سالوں میں یہ شرح تین گنا ہو جائے گی۔
Post New Comment