خضدار : نامعلوم افراد کی فائرنگ‘ مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر عزیز عمرانی بھتیجے سمیت جاں بحق

ـ 7 مارچ ، 2010
  • Adjust Font Size

کوئٹہ (بیورو رپورٹ + ایجنسیاں + مانیٹرنگ ڈیسک) ضلع خضدار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر اور عمرانی قبائل کے سربراہ عزیز عمرانی کو بھتیجے سمیت قتل کر دیا جبکہ واقعہ میں دو محافظ زخمی ہو گئے، واقعہ کے بعد خضدار شہر بند ہو گیا۔ پولیس کے مطابق کرخ روڈ پر مسلح افراد نے مسلم لیگ نواز کے رہنما اور عمرانی قبائل کے سربراہ سردار عبدالعزیز کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سردار عزیز عمرانی موقع پر ہی جاںبحق ہو گئے جبکہ گاڑی میں موجود ان کا بھتیجا ظفر اللہ‘ عبدالستار اور فدا احمد گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے، فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق سردار عبدالعزیز عمرانی گاڑی میں محافظوں کے ساتھ گھر سے شہر کی طرف جا رہے تھے کہ کٹھان پل کے قریب انہیں نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں اور لاش کو سول ہسپتال خضدار منتقل کر دیا جہاں ظفر اللہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دیگر دو زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کے بعد خضدار شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا، دکانداروں نے اپنے کاروباری مراکز اور دکانیں بند کر دیں۔ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ دونوں مقتولین کو ان کے آبائی گاﺅں خضدار کے علاقے نوغے میں سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں ممتاز قبائلی رہنماﺅں غلام حسین، غلام مصطفی، مہر عبدالرحمن زہری ارباب، نواز مینگل انجمن تاجران خضدار کے صدر حاجی عطاءاللہ محمد زئی، ایم ایس سول ہسپتال خضدار ڈاکٹر حضور نشین عمرانی چیف عطاءاللہ بلوچ سمیت دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی، تعزیت کا سلسلہ خضدار کے علاقہ سزو کے مقام پر ان کی رہائش گاہ پر جاری ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق رکن قومی اسمبلی سردار عاطف علی سنجرانی، مرکزی رہنما سیدا خان ناصر، صوبائی رہنما میر ذوالفقار سنجرانی، ملک خدا بخش لانگو، علاو الدین کاکڑ، حاجی اللہ داد بڑیچ، میر لیاقت لہڑی، سحر گل خلجی، میر اویس ہجوانی، علی محمد ناصر، حاجی جانان اچکزئی، میر عثمان پرکانی، سمندر خان کاسی، سابق سٹی ناظم محمد رحیم کاکڑ نے سردار عزیز عمرانی اور ان کے محافظ کو قتل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے خضدار کے حالات خراب کرنے کی گہری سازش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار عبدالعزیز عمرانی مسلم لیگ (ن) کے پرانے ساتھی تھے انہوں نے پارٹی کو علاقے میں فعال بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عام افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد اب سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ شروع ہو گئی ہے‘ سردار عبدالعزیز عمرانی کا قتل بھی ٹارگٹ کلنگ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خضدار کے حالات کو ایک گہری سازش کے تحت خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جسے عوام کو ملکر ناکام بنانا ہو گا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو پرامن رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سردار عزیز عمرانی کے قتل میں ملوث ملزموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔ سردارعبدالعزیز عمرانی کے قتل سے مسلم لیگ (ن) ایک اہم رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions