نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک/ اے پی پی) نئی دہلی کے میجر دھیان چند سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پاکستان کو تین کے مقابلے میں چار گول سے ہرا کر نہ صرف سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر بلکہ ورلڈ کپ 1986ءکی یادیں بھی تازہ کر دیں جس میں پاکستان نے 12 ٹیموں میں سے 11ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ پاکستان کے دفاعی اور سینٹر فارورڈز کے ساتھ گول کیپر کی جانب سے انتہائی برے کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ہاکی کی تاریخ میں پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان ذیشان اشرف نے مایوس کن کارکردگی پر قوم سے معافی مانگی ہے اور وعدہ کیا کہ اس سال قوم کو خوش خبری دینگے۔ کھیل کے آغاز میں قومی ٹیم کو ریحان بٹ نے ایک گول کی برتری دلا دی جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں جنوبی افریقہ نے گرین شرٹس کو مکمل کنٹرول میں رکھا اور یکے بعد دیگرے چار گول داغ دئیے۔ پاکستان باوجود کوشش کے مقررہ وقت میں ایک گول کے خسارے میں رہا۔ پاکستان کی طرف سے وسیم احمد‘ ریحان بٹ اور محمد عمران نے ایک ایک گول کیا جبکہ جنوبی افریقہ کی طرف سے مارون ہاریز‘ گیرتھ‘ ایان ہیلے اور ٹین پٹین نے ایک ایک گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقہ کے جولین ہائیکس مین آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستانی ٹیم نے 16سال قبل ورلڈ کپ ہاکی کا سیمی فائنل کھیلا تھا۔ تفصیلات کے مطابق میچ شروع ہوتے ہی پاکستان نے جنوبی افریقہ کی ڈی پر حملے شروع کئے اور ریحان بٹ نے کھیل کے چھٹے منٹ میں گول کر کے پاکستان کو برتری دلوائی۔پاکستان نے گول کرنے کے کئی یقینی مواقع ضائع کئے، پاکستان کو میچ کے21 ویں، 22ویں اور 23ویں منٹ میں تین مسلسل پنلٹی کارنرز ملے۔ تیسرے پنلٹی کارنر پر سہیل عباس گیند کو جال میں پھینکنے میںکامیاب ہو ئے لیکن تیسرے امپائر نے جنوبی افریقہ کے احتجاج پرفیلڈ امپائر کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے گول کو کینسل قرار دیدیا۔ کھیل کے 28ویں منٹ میں گول کیپر سلمان اکبر نے یقینی گول بچایا لیکن مگرجوابی حملے میں شکیل عباسی نے ایک اوپن چانس ضائع کیا۔ 33ویں منٹ میں شکیل عباسی نے گول کرنے کا ایک اور یقینی موقع ضائع کیا۔ سہیل عباس کو کھیل کے 13ویں منٹ میں جبکہ وسیم احمد کو کھیل کے 33ویں منٹ میں گرین کارڈز دکھائے گئے۔ پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستان کومیچ میں 1-0 کی برتری حاصل تھی۔دوسرے ہاف کے شروع میں ہی جنوبی افریقہ کی ٹیم نے تواتر سے پاکستان کی ڈی پر حملے کئے اور دوسرے ہاف میں 4 گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے 38ویں منٹ میں گارتھ کار نے فیلڈ گول کر کے میچ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔ چار منٹ بعد ہیلے نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ پانچ منٹ بعد ٹی پٹےن نے گول کر کے جنوبی افریقہ کی برتری کو 3-1 کر دیا۔ ریحان بٹ، محمد زبیر اور شکیل عباسی نے گول کرنے کے کئی یقینی مواقع ضائع کئے۔کھیل کے اختتامی لمحات میں جنوبی افریقہ کی ٹیم جسے 3 گول کی برتری حاصل تھی دفاع میں چلی گئی جس کے نتیجہ میں پاکستان کے محمد عمران کھیل ختم ہونے سے 2 منٹ قبل اپنی ٹیم کی جانب سے دوسرا گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔ کھیل ختم ہونے سے قبل پاکستان کو کھیل کا 8واں پنلٹی کارنر ملا جس پر محمد وسیم پاکستان کی جانب سے تیسرا گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔
Post New Comment