باجوڑ ایجنسی....شدت پسندوں کے گژھ ڈمہ ڈولہ پر فورسز کا کنٹرول‘ 9 سال بعد قومی پرچم لہرا دیا گیا‘ بنوں میں گرلز سکول تباہ

حوالہ : باجوڑ + پشاور (آن لائن + بی بی سی ڈاٹ کام) ـ 7 فروری ، 2010
  • Adjust Font Size

باجوڑ + پشاور (آن لائن + بی بی سی ڈاٹ کام) سکیورٹی فورسز نے باجوڑ ایجنسی میں شدت پسندوں کے سب سے اہم علاقے ڈمہ ڈولہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ ایف سی ذرائع نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے جبکہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 9 شدت پسند جاںبحق اور اہم کمانڈر سمیت پانچ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ کا کنٹرول مکمل طور پر سنبھال لیا ہے۔ یہ شدت پسند طالبان کا اہم مرکز تھا۔ وہاں پر ان کے ٹریننگ سنٹر بھی تباہ کر دیئے گئے ہیں جبکہ فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی اپنے قبضہ میں لے لیا ہے۔ ایف سی ذرائع کے مطابق سیوئی میں بھی شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بھاری توپ خانہ سے گولہ باری کی گئی جس میں ان کے کئی ٹھکانے تباہ اور 7 مراکز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس کارروائی کے دوران 9 شدت پسند جاںبحق ہو گئے جبکہ خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سکیورٹی فورسز نے پانچ شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا جس میں ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہے جنہیں تفتیش کےلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے ڈمہ ڈولہ میں سابق طالبان ترجمان مولوی عمر کا گھر بھی تباہ کر دیا۔ آئی این پی اور جی این آئی کے مطابق پاک فوج نے تین دن کی مسلسل اور شدید کارروائی کے بعد ڈمہ ڈولہ کا کنٹرول حاصل کر کے 9 سال بعد وہاں پاکستان کا پرچم لہرا دیا ہے۔ یہ علاقہ عسکریت پسندوں کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہاں 9 سال سے ان کا قبضہ تھا۔ امریکہ نے ڈاکٹر ایمن الظواہری کو مارنے کیلئے یہاں میزائل حملہ بھی کیا تھا۔ بی بی سی ڈاٹ کام کے مطابق باجوڑ ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ ڈمہ ڈولہ پر قبضہ کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ایف سی میڈیا سیل کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب تحصیل ووڑ ماموند میں ہونے والی شدید جھڑپوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے طالبان کے سب سے اہم گڑھ ڈمہ ڈولہ پر ہفتہ کو قبضہ کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈمہ ڈولہ پر قبضہ کے دوران کوئی خاص مزاحمت نہیں ہوئی اور یہ سکیورٹی فورسز کی ایک اہم کامیابی ہے۔ اے پی پی کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قومی لشکر نے 27 جنوری کو علاقے میں مشترکہ آپریشن شروع کیا‘ اس دوران اطلاعات کے مطابق 60 شدت پسند جبکہ 7 سکیورٹی اہلکار جاںبحق ہوئے۔ ادھر بنوں میں شدت پسندوں نے گرلز پرائمری سکول کو دھماکہ خیزمواد سے اڑا دیا۔
ڈمہ ڈولہ

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions