ملک کو ایڈہاک اور ذاتی سوچ کے تحت چلایا جا رہا ہے:منور حسن

ـ 5 مارچ ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (کامرس رپورٹر+خبر نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان منور حسن نے کہا ہے کہ کالعدم این آر او سے فائدہ اٹھانے والے تین درجن سے زائد افراد ملکی سیاسی سیٹ اپ کا حصہ ہیں جن کے سرخیل ملک کے سربراہ ہیں۔ بدعنوانی اور بدانتظامی جب کہ ٹیکس چوری اور امرا کو حاصل بے جا مراعات کی وجہ سے قومی خزانے کو 800 ارب سالانہ نقصان ہو رہا ہے۔ ملک کو ایڈہاک اور ذ اتی سوچ کے تحت چلایا جا رہا ہے۔ حکمرانوں کی نااہلی، کرپشن اور ناعاقبت اندیشی نے ملکی معیشت کو تباہی سے دوچار کر دیا ہے۔ ملک اس وقت 55 ارب ڈالر کے غیر ملکی اور 43 کھرب روپے کے اندرونی طور پر مقروض ہے۔ بھارت کی ہٹ دھرمی اور حکمرانوں کی پانی کے ذخائر تعمیر نہ کرنے کی پالیسی جاری رہی تو ملک قحط سالی کا شکار ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں معاشی ایجنڈا 2010-30 کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فریدپراچہ، امیر جماعت اسلامی لاہور امیر العظیم اور ماہر معاشیات سرفراز خان نے بھی خطاب کیا جب کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر فیصل اقبال شیخ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ منور حسن نے کہا کہ معاشی مسائل کی وجہ سے ملک سنگین مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کی شرح بڑھتی جا رہی ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں منورحسن نے کہا کہ کرپشن کرپٹ لوگوں کے ذریعے ختم نہیں ہو سکتی جب تک کرپٹ لوگ برسراقتدار رہیں گے کرپشن ترقی کرتی رہے گی۔منور حسن نے کہا جو لوگ برسراقتدار آتے ہیں وہ فارورڈ بلاک اور ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے آتے ہیں۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions