مہمند + اورکزئی ایجنسی (ریڈیو مانیٹرنگ + ایجنسیاں) مہمند ایجنسی میں فورسز کیساتھ جھڑپ میں 30 اور اورکزئی ایجنسی میں فورسز کی بمباری میں 8 مزاحمت کار اور اہلکار جاں بحق ہو گیا جبکہ شدت پسندوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ مروان میں بم دھماکے میں 24 دکانیں تباہ ہو گئیں۔ نوشہرہ میں سرچ آپریشن کے دوران اہم شدت پسند کمانڈر سمیت 14 مشتبہ افراد گرفتار کر لئے گئے۔ کرم ایجنسی میں شدت پسندوں کے دو گروپوں کے درمیان تصادم میں کمانڈر عبدالرزاق سمیت 2 شدت پسند مارے گئے۔ ایف سی نے ایف آر پشاور میں آپریشن سپرنگ کلینگ کا تیسرا مرحلہ شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اپر اورکزئی ایجنسی کے علاقے تیرہ ڈبوری پر شدت پسندوں کی موجودگی پر پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی مدد سے بمباری کی گئی جس میں 8 شدت پسند جاں بحق ہو گئے۔ کارروائی میں شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دئیے گئے۔ عسکریت پسندوں نے گزشتہ صبح تحصیل صافی کے علاقے چمرقند کی مرجانہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ جس سے ایک اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں 30 عسکریت پسند مارے گئے۔ مرنے والوں میں متعدد افغان عسکریت پسندبھی شامل ہیں۔ 10 عسکریت پسندوں کی نعشیں ایف سی نے قبضے میں لے لیں۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 200 تھی اور ان کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے بتایا جاتا ہے۔ اس دوران شدت پسندوں نے متعدد بار فورسز کے چیک پوسٹوں اور قافلوں پرحملے کئے جن میں سے کئی حملے ناکام بنا دئیے گئے۔ایف سی نے ایف آر پشاور میں آپریشن سپرنگ کلیننگ کا تیسرا مرحلہ شروع کر دیا ہے۔
Post New Comment