تعلیم انتہا پسندی کیخلاف موثر ہتھیار ہے‘ جہالت کے خاتمے کیلئے انقلابی اقدامات کئے : شہبازشریف

ـ 5 مارچ ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا ہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں فراہم کی ہیں۔ صنعتی شعبہ ملک کی ترقی میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اسی اہمیت کے پیش نظر حکومت صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ تعلیم انتہا پسندی کیخلاف موثر ہتھیار ہے اس لئے صوبے سے جہالت و ناخواندگی کے خاتمے کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ لائیو سٹاک کے شعبے کو ترقی دے کر ملک سے بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے اس لئے حکومت اس شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچانے سے بڑھ کر کوئی خدمت نہیں ہو سکتی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے منصوبے پر عملدرآمد کا جائزہ لینے‘ کلمہ چوک کی بہتری کے منصوبے کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح اجلاس سے خطاب‘ ایوان وزیراعلی میں فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ کے چیئرمین خواجہ عاصم خورشید اور چیف آپریٹنگ افسر احمد رضا صدیقی اور ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی سے نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر برائن ہنڈرس نے ایوان وزیراعلی میں ملاقات کی شہباز شریف سے تمغہ حسن کارکردگی حاصل کرنے والے معروف موسیقار ماسٹر منظور حسین نے بھی ملاقات کی۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جنرل ہسپتال لاہور میںزیر تعمیر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی عمارت کو فوری طور پر مکمل کیاجائے تاکہ نیورو سائنسز کے سٹیٹ آف دی آرٹ شعبہ کے قیام سے دماغی امراض میں مبتلا افراد کو جلد بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ حادثات کی صورت میں دماغ پر شدید چوٹیں آنے سے بعض اوقات قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں اس لئے ایسے مریضوں کو فوری طور پر اس ادارے میں منتقل کرنے کے لئے ہیلی کاپٹر کی فراہمی کے لئے بھی مختلف پہلوﺅں کا جائزہ لیاجائے کیونکہ قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچانے سے بڑھ کر اور کوئی خدمت ہو نہیں سکتی- انہوں نے کہا کہ فیروز پور روڈ پر جنرل ہسپتال کے قریب بے ہنگم ٹریفک سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے غازی روڈ چوک پر انڈر پاس بنانے کا منصوبہ فوری طور پر بناکر اس پر کام شروع کیا جائے- وزیراعلیٰ نے چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات‘ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات و صحت پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جو پنجاب انسٹی ٹیوی آف نیور و سائنسز کی زیرتعمیرعمارت کا دورہ کرے گی۔ علاوہ ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ عوام کو ٹریفک جام سے نجات دلانے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے کلمہ چوک کی بہتری کا منصوبہ شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔انہوں نے چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کی سربراہی میں ایک سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو اس منصوبے کے حوالے سے مختلف تجاویز اور پہلوﺅں کا جائزہ لے کر آئندہ 10 روز میں پلان پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور صوبہ بھر میں سڑکوں‘ فلائی اوورز اور انڈرپاسز کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں عوام بے ہنگم ٹریفک اوررش کی وجہ سے شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور ان کی انہی مشکلات کے پیش نظر شالیمار انٹرچینج‘ سگیاں انٹرچینج‘ لاہور رنگ روڈ پیکج6 سمت دیگر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر مسٹر برائن سینڈرس سے ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زراعت‘ لائیوسٹاک سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور پنجاب و نیوزی لینڈ ان شعبوں کی ترقی کے لئے نہ صرف مشترکہ منصوبے شروع کر سکتے ہیں بلکہ پرائیویٹ سیکٹر کی بھی حوصلہ افزائی کر کے ان شعبوں کی بہتری کے لئے کام کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا دودھ پیدا کرنے والا ملک ہے اور اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی و مہارت کو استعمال میں لا کر ڈیری مصنوعات کو بیرون ملک برآمد کر کے کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ لائیوسٹاک کے شعبے کو ترقی دے کر ملک سے بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ بہاولپور میں سٹیٹ آف دی آرٹ ویٹرنری یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے اور اس منصوبے کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ جدید و معیاری دانش سکولوں کے منصوبے کا آغاز جنوبی پنجاب سے کر دیا گیا ہے اور یہ منصوبہ تعلیمی میدان میں انقلاب برپا کرے گا۔ علاوہ ازیں خواجہ عاصم خورشید اور احمد رضا صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کی معیشت کو صنعتی سرگرمیوں اور برآمدات کو فروغ دے کر مستحکم کیا جاسکتا ہے- فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں ترقیاتی کام کی رفتار کو مزید تیز کیاجائے اور نئی صنعتوں کے قیام کے لئے توانائی کی فراہمی کے حوالے سے ٹھوس پلان تیار کیا جائے - انہوں نے کہا کہ ایم -3 انڈسٹریل اسٹیٹ میں بہترین انفراسٹرکچر کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے چیئرمین فیڈمک و فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو ہدایت کی کہ وہ فیصل آباد میں امراض قلب کے ہسپتال میں مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions