لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرے جاری‘ 9 گھنٹے کا مسلسل بریک ڈائون شروع

ـ 3 جولائی ، 2009
  • Adjust Font Size

لاہور (نیوز رپورٹر+ کامرس رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ ملک بھر میں 9 گھنٹے کا مسلسل بریک ڈائون بھی شروع ہوگیا‘ پنجاب کے 160 دیہات اور میرپور آزاد کشمیر کے درجنوں علاقوں میں 4 دن سے بجلی بند ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال 4700 میگا واٹ تک پہنچ گیا۔ واپڈا تنصیبات کو مظاہرین سے بچانے کیلئے حکومت نے گرڈ سٹیشن اور واپڈا دفاتر کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 سے 16 گھنٹے تک پہنچ جانے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور شہری رات کھلے آسمان تلے جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔ لاہور میں واپڈا ٹائون‘ بحریہ ٹائون‘ گرین ٹائون‘ ٹائون شپ‘ کوٹ لکھپت‘ کاہنہ‘ فیصل ٹائون‘ ماڈل ٹائون‘ علامہ اقبال ٹائون‘ مسلم ٹائون‘ اچھرہ‘ ساندہ‘ اسلام پورہ‘ سلامت پورہ‘ شادباغ‘ باغبانپورہ‘ ہربنس پورہ‘ تاجپورہ‘ شاہدرہ اور دیگر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں نے رات سڑکوں پر جاگ کر کاٹی۔ تاجروں نے برانڈرتھ روڈ‘ گلبرگ‘ اکبری منڈی‘ مال روڈ منی مارکیٹ میں احتجاجی مظاہرے کیے اور ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کردی۔ پیپکو ذرائع کے مطابق منگلاپاور ہائوس کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے تاہم چوتھے روز بھی منگلا سے بجلی کی پیداوار شروع نہ ہوسکی۔ چیئرمین واپڈا نے کہا ہے کہ آئندہ 2 روز میں منگلا کے 2 یونٹس سے بجلی کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔ کیبل ٹھیک کرنے کے بعد ٹاورز کی کھدائی شروع کردی گئی ہے۔ ڈی جی پیپکو محمد خالد نے کہا ہے کہ منگلا پاور ہائوس ٹھیک ہونے میں مزید 4 دن لگ سکتے ہیں۔ شارٹ فال 4700 نہیں 3700 میگاواٹ ہے اور لوڈشیڈنگ 22 نہیں 10 سے 12 گھنٹے تک ہورہی ہے۔ مصر کے شہر شرم الشیخ میں وفاقی وزیر بجلی و پیداوار راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آئندہ 5 سال میں ملک کے 7 ہزار دیہات کو شمسی بجلی فراہم کردی جائے گی۔ کوئٹہ میں لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کا مسئلہ سنگین ہوگیا اور لوگ واٹر ٹینک پانی خرید رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پیپکو طاہر بشارت چیمہ نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ سمندری میں گرمی کی شدت کے باعث معمر شخص محمد افضل جاں بحق ہوگیا۔ گجرات‘ وزیرآباد‘ جہلم‘ میاں چنوں‘ اوکاڑہ‘ قصور‘ گوجرانوالہ‘ شیخوپورہ‘ ننکانہ اور سینکڑوں گردونواح کے دیہات میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ کی اطلاعات ملی ہیں۔ پی ٹی سی ایل یونینز ایکشن کمیٹی کے رہنما صابر بٹ‘ ٹیلی کام ایسوسی ایشن کے صدر حافظ لطف اللہ نے بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف ہونے والی ہڑتال میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔مزید برآں بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے پاور ہاؤسز کو اضافی گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ حکومت نے پی ایس او کو ہدایت کی ہے کہ پاور سٹیشنوں کو تیل کی فراہمی نہ روکی جائے۔پیپکو نے کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے حوالے سے اپنی انکوائری رپورٹ جمعرات کے روز وزارت پانی و بجلی کے حوالے کر دی۔ تحقیقاتی رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کے ای ایس سی کی انتظامیہ کو تبدیل کیا جائے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions