مینگورہ+ ہنگو+ پشاور (ریڈیو نیوز+ ایجنسیاں) ہنگو میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 11شدت پسند جاں بحق اور انکے 3ٹھکانے اور 2گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ سوات کے علاقے سخرہ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں بھی 2 شدت پسند مارے گئے جبکہ وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں کے حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 62 ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فورسز نے ہنگو کے علاقے چنارک میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی کہ کچھ شدت پسند سوات میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر سکیورٹی فورسز نے تحصیل مٹہ کے علاقے سخرہ اور نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ آپریشن کے دوران شدت پسندوں نے فورسز پر فائرنگ کردی ، جوابی کارروائی میں 2 شدت پسند جاں بحق ہو گئے۔ دوسری جانب وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں کے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 62 ہو گئی ہے جن میں 12شہری بھی شامل ہیں پاکستانی جیٹ طیاروں نے منگل کے روز شدت پسندوں کو نشانہ بنایا تھا جو خود کش حملے کی تیاری کر رہے تھے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسند عورتوں اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
Post New Comment