لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لاہور میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں لیکن ہم عوام کے تعاون سے ان کے عزائم ناکام بنا دینگے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے بھی لاہور بم دھماکوں سے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی شہبازشریف نے زخمیوں کو فوری طبی امداد پہنچانے کی ہدایات جاری کیں اور اعلیٰ انتظامی اور پولیس حکام سے لمحہ بہ لمحہ تفصیلات حاصل کرتے رہے۔ علاوہ ازیں صوبے میں کم لاگت ہاﺅسنگ سکیموں کے منصوبے پر پیش رفت‘ سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اور پنجاب یوتھ کونسل کے ممبران کے کردار کے جائزہ لینے کے لئے الگ الگ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ حکومت پنجاب نے کم آمدنی والے افراد کیلئے کم لاگت ہاﺅسنگ سکیمیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آشیانہ ہاﺅسنگ پراجیکٹ کے تحت صوبے میں 3‘ 4اور 5مرلے کے رہائشی منصوبے شروع کئے جائیں گے اور ماہانہ 20ہزار سے کم آمدنی والے افراد اس منصوبے میں گھر لینے کے اہل ہونگے۔ پنجاب یوتھ کونسل کے ممبران شفاف سروے اور متاثرین کی امداد و بحالی کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ وزیراعلیٰ سے ایم ایس میوہسپتال ڈاکٹر زاہد پرویز نے ملاقات کی اور انہیں سیلاب متاثرین کیلئے 10لاکھ روپے کا چیک دیا۔ چیئرمین پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی و رکن صوبائی اسمبلی شیخ علاﺅ الدین نے وزیراعلیٰ کو کم لاگت ہاﺅسنگ سکیموں کے منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ شہبازشریف نے کہاکہ آشیانہ ہاﺅسنگ پراجیکٹ کا آغاز ابتدائی طور پر لاہور‘ فیصل آباد‘ سرگودھا اور جہلم کے اضلاع سے کیا جائے گا اور بعدازاں اس کا دائرہ ار دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا‘ کم لاگت ہاﺅسنگ سکیموںمیں بیواﺅں‘ یتیموں اور شہداء (فوج و پولیس) کے لئے 10فیصد کوٹہ مختص کرنے کی بھی ہدایت کی۔ قبل ازیں شیخ علاﺅ الدین نے منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گھروں کے لئے درخواست فارم تیار کئے جا چکے ہیں جبکہ کمپنی کے دفتر میں عوام کی سہولت کے لئے 5 انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ صوبے میں سیلاب کے پیش نظر کالجز اور یونیورسٹیوں میں داخلے اور مختلف امتحانات کی تاریخوں میں بھی توسیع کی گئی ہے‘ ترقی کے سفر میں نوجوانوں کو شامل کرنے کے لئے صوبے میں پنجاب یوتھ کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اس مقصد کے لئے شفاف طریقے سے کونسل کے ممبران کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یوتھ کونسل کے ممبران کا سیلاب زدہ علاقوں میں امداد اور بحالی کی سرگرمیوں میں کردار بھی لائق تحسین ہے۔ کونسل کے ممبران سیلاب متاثرین کو عیدالفطر کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لئے حکومت پنجاب کے وضع کردہ پروگرام میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں۔ یوتھ کونسل کے کردار کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جائے اور کونسل کے منتخب ممبران کا متعلقہ ڈی سی او فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری کریں۔ علاوہ ازیں ایک اور اجلاس میں وزیراعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر سپرے کرانے کی ہدایت کی اور کہاکہ جن علاقوں سے سیلاب کا پانی اتر چکا ہے اور ان آبادیوں کے اردگرد پانی کھڑا ہے ان پر سپرے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں تاکہ شہری وبائی امراض سے محفوظ رہ سکیں۔
Post New Comment