اسلام آباد + کراچی (وقائع نگار خصوصی + نامہ نگار) مسلم لیگ (فنکشنل) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر بلدیات عبدالرزاق تھہیم گذشتہ شام وفات پا گئے۔ مرحوم کافی عرصہ سے علیل تھے۔ ان کے گردوں نے کام چھوڑ دیا تھا‘ انہیں پمز میں رکھا گیا۔ بعدازاں شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ گذشتہ شام خالق حقیقی سے جا ملے۔ جسٹس (ر) عبدالرزاق کا شمار دیرینہ مسلم لیگی رہنماوں میں ہوتا تھا۔ ان کی عمر 90 برس سے زائد تھی اور ان کا تعلق جیکب آباد کے گاوں شیراں پور سے ہے۔ مرحوم 2006ءمیں سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ وہ مشرف دور میں بھی وزیر بلدیات رہے۔ رات گئے ان کی میت سکھر پہنچا دی گئی جہاں سے جیکب آباد لے جایا گیا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے ان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عمر بھر مسلم لیگ سے وابستہ رہے ہیں۔
Post New Comment