نوازشریف کو وزیراعظم بننے کی جلدی ہے، مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں: صفدر وڑائچ

ـ 2 جولائی ، 2011
  • Adjust Font Size

لاہور (رپورٹ: خواجہ فرخ سعید) سابق وزیر اور پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر امتیاز صفدر وڑائچ نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف کو وزیراعظم بننے کی جلدی ہے، وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ناک تلے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے لاہور میں آزاد کشمیر الیکشن میں مارا ماری کی، 10جولائی کو ملتوی شدہ الیکشن ہوں گے، مسلم لیگ (ن) نے 26جون والا عمل دہرایا تو پیپلزپارٹی اس کا بھرپور جواب دے گی، مڈ ٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں، ایم کیو ایم کے اپوزیشن میں جانے کا مطلب پیپلزپارٹی کی حکومت کے خلاف بغاوت نہیں، دونوں جماعتوں کی جمعیت علماءاسلام (ف) اور پیپلزپارٹی کی طرح ورکنگ ریلیشن شپ رہے گی، پیپلزپارٹی نے مشرف کی خارجہ پالیسی کو ترک کرکے آزاد خارجہ پالیسی اختیار کی ہے جس کا ثبوت صدر زرداری کے تین سال میں چین کے چار اور روس کے دو دورے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں سابق وفاقی وزیر رانا فاروق سعید خان، ڈاکٹر سید حسنات احمد، رانا مشتاق اور رانا فرخ کے ہمراہ ایوان وقت میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امتیاز صفدر وڑائچ نے کہاکہ شمسی ائربیس امریکہ کو مشرف دور میں دیا گیا تھا جبکہ پیپلزپارٹی کی حکومت امریکہ کو دی گئی سہولتیں واپس لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد پر عمل کروانے کے لئے بالخصوص 2مئی کے واقعہ ایبٹ آباد کے بعد امریکہ پر واضح کیا ہے کہ ہماری آزاد خارجہ پالیسی ہے اور حکومت پاکستان اپنے تمام فیصلے پاکستان کے مفاد میں کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مشرف اور موجودہ حکومت کی پالیسیاں ہرگز ایک نہیں، مشرف پارلیمنٹ کے اختیارات چھینتے رہے جبکہ صدر آصف زرداری نے پارلیمنٹ کے اختیارات بحال کئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان بھارت کو کشمیریوں کو تھرڈ پارٹی کی حیثیت سے شامل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کو مذاکرات میں شامل کرنے سے گریزاں رہا ہے لیکن کشمیریوں کی مرضی کے بغیر کشمیر کے مسئلے کا مﺅثر حل نہیں نکل سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف 10سالہ جلاوطنی کے معاہدے کی مدت پوری ہونے کے بعد سے سیاسی رواداری اور برداشت سے عاری ہو گئے ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب سمیت اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات جیتے ہیں، گلگت بلتستان کا الیکشن جیتا ہے اور اب آزاد کشمیر کا الیکشن جیتا ہے۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر الیکشن میں ماردھاڑ کی اس سے عوام میں ان کی شہرت خراب ہوئی۔ پچھلے سال سیلاب میں اربوں روپے کی جائیدادوں اور جانوں کی تلفی ہوئی لیکن مسلم لیگ (ن) میں شامل سرداروں، جاگیرداروں، وڈیروں نے بند توڑے جس کی نشاندہی ہائی کورٹ کے قائم کردہ کمشن نے اپنی رپورٹ میں کی۔ اس سے پنجاب حکومت کی گڈگورننس کے ڈھول کا پول کھل گیا ہے اس لئے مسلم لیگ (ن) نئے الیکشن کی طرف نہیں جائے گی۔
صفدر وڑائچ

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions