لاہور (کامرس رپورٹر/ خصوصی نامہ نگار) پیاف‘ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری‘ مسلم لیگ (ن) ‘ جے یو آئی (ف)‘ جماعت اسلامی‘ تنظیم اسلامی‘ پاکستان عوامی تحریک اور نیشنل لیبر فیڈریشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت اور عوام پر ڈرون حملہ قرار دیا ہے۔ اپنے ردعمل میں تاجروں‘ صنعتکاروں‘ سیاسی رہنماﺅں نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ اور عدلیہ کی توہین کے مترادف ہے‘ اس فیصلے کو واپس لیا جائے۔ کامرس رپورٹر کے مطابق پیاف کے چیئرمین عرفان قیصر‘ وائس چیئرمین اقبال بیگ اور شاہ زیب اکرم نے کہاکہ بجلی‘ گیس کے نرخوں میں بے تحاشا اضافوں اور طویل لوڈشیڈنگ سے ہزاروں صنعتی یونٹ بند اور چار لاکھ صنعتی کارکن بیروزگار ہو چکے‘ برآمدات میں نمایاں کمی‘ افراط زر میں اضافہ اور ملکی معیشت بُری طرح متزلزل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ اقتصادی‘ معاشی اور کاروباری حالات کسی طور بجلی‘ گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافوں کے متحمل نہیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر فیصل اقبال نے کہاکہ اس اضافے سے صنعتی و تجارتی شعبے اور دیگر صارفین کو شدید دھچکا لگے گا جو پہلے ہی بحران در بحران کی وجہ سے بری طرح پریشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مصنوعات کی نقل و حمل کے اخراجات بڑھ جائیں گے۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے ریجنل چیئرمین میاں ادریس‘ ریجنل کمیٹی برائے امپورٹ کے چیئرمین خواجہ قادر رشید نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ گرتی ہوئی معیشت پر مزید ایک اور کاری ضرب ہے جس سے عوام الناس کا طرز زندگی مزید تنگ دستی کا شکار ہو گا۔ انہوں نے مطالبہ کہا کہ اضافہ کو فی الفور واپس لیا جائے۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے اضافے کے فیصلے پر نکتہ چینی کی اور کہاکہ حکومت کے اس فیصلے سے مہنگائی کا طوفان آئیگا۔ حکومت فیصلے پر نظرثانی کرے۔ جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹریز مولانا قاری شیر افضل اور قاری فیاض الرحمن علوی نے جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد امجد اور مرکزی ناظم مالیات الحاج شمس الرحمن شمسی‘ جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خالد محمود سومرو اور سرحد کے سیکرٹری جنرل مولانا شجاع الملک‘ جے یو آئی پنجاب کے قائم مقام سیکرٹری جنرل چودھری شہباز احمد نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو غریب دشمنی قرار دیا ہے۔ جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے پٹرولیم کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو ظالمانہ اقدام اور غریب عوام کو زندہ درگور کر دینے کے مترادف قرار دیا ہے۔ تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے کہا ہے کہ پٹرول‘ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں بڑھاکر حکومت نے مہنگائی سے سسکتی قوم پر ایک اور تازیانہ برسایا ہے۔ حیرت کی بات ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مسلسل گر رہی ہیں لیکن ہمارے حکمران بلاسوچے سمجھے قیمتوں میں اضافہ کرتے چلے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف حکمران بھارتیوں اور امریکیوں کے خوف سے تھر تھر کانپ رہے ہیں اور دوسری طرف گرانی سے عوام کو زندہ درگور کر رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر نے کہاکہ پٹرول کے نرخوں میں اضافہ ماورائے پارلیمنٹ اقدام اور سپریم کورٹ کی توہین کے مترادف ہے اس اضافہ سے قوم ذہنی اذیت اور ڈیپریشن کا شکار ہو گئی ہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پنجاب کے جنرل سیکرٹری سلیم شہزاد انصاری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو انتہائی قابل مذمت اور معصوم عوام کے ساتھ ظلم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت عوام کے لئے عذاب الٰہی سے کم نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی جعفر اقبال نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ہوشربا اضافہ عوام دشمن اقدام ہے اس کے نتیجہ میں جو مہنگائی کا سونامی آئے گا حکمرانوں کو اس کا اندازہ تک نہیں۔ مسلم لیگ (ن) اسمبلیوں کے اندر اور باہر اس اقدام کیخلاف آواز اٹھائے گی۔
Post New Comment