لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شیخ عظمت سعید نے ضلعی ناظمین کی جگہ پر ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست میں بلدیاتی انتخابات کے لئے شیڈول پیش کرنے میں مسلسل تاخیر پر قرار دیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے معاملے میں وفاق اور پنجاب آگ سے کھیل رہے ہیں ۔اگر یہی رویہ رہا تو سب کچھ تباہ ہو جائے گا اگر اس معاملے کو باہمی افہام و تفہیم سے حل نہ کیا تو پھر عدالت میرٹ پر فیصلہ کرنے سے نہیں ہچکچائے گی اور مزید سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر دی۔گزشتہ روز چیف الیکشن کمشن کی طرف سے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استدعا کی تھی کہ مزید مہلت دی جائے آئندہ تاریخ سماعت تک مجوزہ انتخابی شیڈول پیش کر دیا جائے گا۔ 19ضلعی ناظمین نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی غیر آئینی اور غیر قانونی ہے اور ایڈمنسٹریٹرز ترقیاتی فنڈز بھی استعمال نہیں کرسکتے۔این این آئی کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں وفاقی اور صوبائی حکومت نے 16 ستمبر تک بلدیاتی انتخابات کے شیڈول سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ آئی این پی کے مطابق جسٹس عظمت سعید نے کہا لگتا ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیں انتخابات کرانے کیلئے سنجیدہ نہیں یہ انتہائی حساس معاملہ ہے اس کو سنجیدگی سے لیا جائے۔ میں اس حوالے سے فیصلے میں بالکل نہیں ہچکچاﺅنگا۔
Post New Comment