لاہور‘ راولپنڈی، کراچی میں حزب التحریر کے مظاہرے‘ لاٹھی چارج‘ متعدد زخمی‘ 35گرفتار

ـ 1 جون ، 2009
  • Adjust Font Size

لاہور (خبر نگار خصوصی+ سپورٹس رپورٹر+ کرائم رپورٹر ) لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں سوات آپریشن اور امریکی ڈرون حملوں کیخلاف حزب التحریر کے مظاہروں پر پولیس ٹوٹ پڑی‘ تصادم‘ لاٹھی چارج اور شیلنگ کے باعث ایک تھانیدار سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے جبکہ ایک مشکوک شخص اور 30 مظاہرین سمیت 35سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حزب التحریر نے گذشتہ روز ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک ریلی کا اعلان کر رکھا تھا تاہم ناصر باغ میں پولیس کی بھاری نفری ریلی سے ایک گھنٹہ قبل تعینات کر دی گئی تھی۔ جس نے ناصر باغ کی طرف ہر آنے والے شخص کا شناختی کارڈ چیک کیا اور گاڑیوں کی تلاشی لی۔ اسی دوران افغان شباہت والے مشکوک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ شناختی کارڈ نہ رکھنے والے متعدد افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔ بعدازاں حزب التحریر کے اڑھائی سو کارکنوں کی ریلی چوک چوبرجی سے شروع ہوئی اور جب سول سیکرٹریٹ کے قریب پہنچی تو پولیس نے لاٹھی چارج کرکے ریلی کو منتشر کر دیا۔ لاٹھی چارج سے متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے جبکہ 20مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔ راولپنڈی میں حزب التحریر نے لیاقت باغ کی بجائے مظاہرے کی جگہ کمیٹی چوک کی اطلاع میڈیا کو دی تھی جہاں پولیس اور میڈیا کی طرف سے مظاہرے کا انتظار کیا جا رہا تھا کہ اچانک بوہڑ بازار چوک کی فضا نعروں سے گونج اٹھی۔ جب مظاہرین اقبال روڈ پر لنڈا بازار چوک میں پہنچے تو انہوں نے پولیس کی مختصر تعداد کو روکنے کی کوشش کرنے پر پیچھے دھکیل دیا۔ جس پر پولیس اور مظاہرین گتھم گتھا ہو گئے۔ اس دوران پولیس کی بھاری نفری ایس ایچ او سٹی کی قیادت میں وہاں پہنچ گئی جس نے شدید لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔ اس دوران پانچ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا اور لائوڈ سپیکر لگے ٹرک کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کی شیلنگ سے اقبال روڈ‘ لنڈا بازار چوک اور لنڈا بازار کی شہری آبادی اور تاجر بُری طرح متاثر ہوئے۔ تصادم میں ایس ایچ او تھانہ سٹی مرزا زمان ضیا زخمی ہو گئے جبکہ گرفتار افراد میں اسلامی یونیورسٹی کے 2طلبہ بھی شامل ہیں۔حزب التحریر کے رہنما نوید بٹ نے سوات اپریشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ پر تشدد اور گرفتاریوں کو امریکہ کو خوش کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ظلم و تشدد اور گرفتاریاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں۔ ہم امریکی سامراج کے ظلم کے خلاف اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔کراچی میں پریڈی پولیس نے حزب التحریر کے مظاہرین ریگل چوک پہنچتے ہی پکڑ دھکڑ شروع کر دی اور لاٹھی چارج بھی کیا۔
حزب التحریر/ مظاہرے

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions