لاہور (نمائندہ خصوصی + ریڈیو مانیٹرنگ) چیف سیکرٹری پنجاب جاوید محمود گزشتہ روز رخصت پر چلے گئے ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جاوید اسلم کو تبدیل کرکے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ تعینات کر دیا ہے اور انکی جگہ سمیع سعید کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات کرکے انہیں چیف سیکرٹری پنجاب کا اضافی چارج بھی دے دیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے چیف سیکرٹری پنجاب جاوید محمود کی چھٹی کی درخواست منظور کر لی۔ جاوید محمود نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ انہیں چھٹی پر جانے کی اجازت دی جائے تاکہ ان کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کے حوالے سے یہ تاثر دور ہو سکے کہ وہ اس مقدمے کی کارروائی پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ دریں اثنا چیئرمین پی اینڈ ڈی سمیع سعید کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات کرکے انہیں چیف سیکرٹری کے اضافی فرائض سونپے گئے ہیں جبکہ جاوید اسلم کو چیئرمین پی اینڈ ڈی تعینات کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل چیف سیکرٹری کی گاڑی کے حادثے مےں ریٹائرڈ کرنل اکرام جاں بحق ہو گئے تھے متوفی کے بیٹے خرم اور اہلخانہ کا مطالبہ تھا کہ اس حادثے کا مقدمہ ڈرائیور کی بجائے چیف سیکرٹری جاوید محمود کے خلاف درج کیا جائے مگر پولیس نے نہ صرف ان کا مطالبہ مسترد کر دیا بلکہ مقدمہ درج کرنے کے بعد ایس پی سی آئی اے عمر ورک نے ملزم ڈرائیور غلام مصطفی کو بے گناہ بھی قرار دےدیا۔ اس حادثے کے بعد پنجاب حکومت یا چیف سیکرٹری نے متوفی کرنل کے لواحقین کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے انہیں یکسر نظر انداز کیا لیکن دو روز قبل گورنر پنجاب متوفی کرنل اکرام کے گھر گئے اور کرنل کی ہلاکت کے حوالے سے ایک رپورٹ تیار کرکے وفاقی حکومت کو بھی بھجوائی۔ گورنر کے دورے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو اس حادثے کی سنگینی کا احساس ہوا اور مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے متوفی کے اہلخانہ سے رابطہ کیا۔ گزشتہ روز میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف متوفی ریٹائرڈ کرنل کے گھر گئے اور ورثا سے اظہار تعزیت کیا۔ ان کے دورے کے فوراً بعد ہی چیف سیکرٹری جاوید محمود رخصت پر چلے گئے۔
Post New Comment