واشنگٹن (اے پی پی) امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین جان کیری اور کمیٹی کے ممبر ڈک لوگر نے پاکستان میں نجی شعبے اور چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاروبار کو ترقی اور وسعت دینے کےلئے امریکی سینیٹ میں ”کیری لوگر پاکستان امریکن انٹرپرائز فنڈ“ کے قیام کا بل پیش کردیا ہے۔یہ بل امریکی کانگریس سے گزشتہ برس منظور ہونے والے کیری لوگر برمین اقتصادی پیکیج کے تحت پیش کیا گیا ہے اور اس فنڈ کے ذریعے پاکستان میں نجی شعبے کی معاونت کی جائے گی جس سے روزگار کے نئے مواقع سامنے آئیں گے اور ملک میں معاشی استحکام کو فروغ حاصل ہوگا۔ یہ فنڈ مشرقی یورپ میں تعمیر نو اور ترقی کےلئے قائم فنڈ کے قیام کے بعد امریکی کانگریس کا دوسرا بڑا اقتصادی پیکیج ہوگا۔ بل پیش کرتے ہوئے سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان کیری نے بتایا کہ پاکستان کا نجی شعبہ سرمائے کی کمی کا شکار ہے جس سے پاکستان کے عام آدمی کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ملازمتوں کی فراہمی ، نئے مواقع اور اقتصادی شعبے کی ترقی کےلئے اس مجوزہ فنڈز کے ذریعے پاکستان بالخصوص اس کے نجی شعبے کے ساتھ تعاون کرسکتا ہے۔ سینیٹر جان کیری نے یکم مئی 2010ءکو نیویارک کے ٹائمر سکوائر میں دہشتگردی کی ناکام واردات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کو درپیش خطرات اور چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے ضروری ہے کہ عسکریت پسندی کے خاتمے کےلئے اقتصادی تعاون اور مواقع کا آپشن استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈ کے قیام کے بعد پاکستان میں نجی شعبے کے ساتھ نئی ملازمتوں کے قیام میں تعاون کیا جائےگا جس سے پاکستان کا عام آدمی انتہا پسندوں کی آواز کو مسترد کرنے کا قابل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نجی شعبہ بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت میں ترقی اور وسعت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور اس شعبے کی ترقی کے ذریعے پاکستان کے عام شہریوں کو اقتصادی طور پر مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
Post New Comment