واشنگٹن (آن لائن) امریکہ کے صدر با رک اوباما نے افغانستان میں امریکی فوج میں اضافی اوردیگر اخراجات کے لیے دیے جانے والے فنڈ کے بل پر دستخط کردیئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان عراق جنگ کے لیے منظور کیے جانے والے فنڈکاکل حجم انسٹھ ارب ڈالر ہے جس میں سینتیس ارب ڈالرعراق اورافغانستان کے لیے، پانچ ارب ایک کروڑ ڈالرامریکہ میں قدرتی آفات سے نمٹنے پر اور دو ارب نوے کروڑ ڈالر ہیٹی میں زلزلہ زدگان کی امداد پر خرچ ہوں گے۔ فنڈ میں تیرہ ارب چالیس کروڈ ڈالر ویت نام جنگ کے دوران زہریلی گیس سے متاثرہ فوجیوں کی علاج و معالجے اور دیگر ضروریات کے لیے رکھے گئے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے مختلف جنگوں کے لیے منظور ہونے والی اس امداد کے ساتھ 2001ءسے اب تک اس کا حجم دس کھرب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ دوسری طرف صدر اوباما نے ہنگامی قدم اٹھاتے ہوئے حزب اللہ کے لیے کام کرنے والے تمام افراد کے اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ صدر اوباما کا کہنا ہے کہ ایسے افراد لبنان کی خودمختاری اور امریکی کی سلامتی کےلئے خطرہ ہیں۔
Post New Comment