اقوام متحدہ (نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ میں اسلامی ملکوں کے بلاک نے سلامتی کونسل اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو مغربی کنارے کے علاقے میں دو متنازع مقدس مقامات کی تزئین و آرائش کرنے کے منصوبے سے باز رکھے۔ اسلامی کانفرنس کی نمائندگی کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں شام کے سفیر نے اقوام متحدہ میں عالمی سفیروں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے غیرقانونی فیصلے کی مذمت کریں جو ان کی نظر میں بالکل ناجائز بھی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ اسرائیل کو اس فیصلے سے روکنے کیلئے موثر اقدامات کریں اور اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بھی اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ واضح رہے کہ تنازع اس ہفتے کے اوائل میں پیدا ہوا تھا جب اسرائیلی وزیراعظم نے الخلیل میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے روضہ سمیت بزرگان دین کے مزاروں اور بیت اللحم میں حضرت یعقوب علیہ السلام کی بیوی کے مزار کو قومی ورثے کی بحالی کے منصوبے میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسلامی کانفرنس نے اسرائیل کے اس اعلان کو اشتعال انگیز' جارحانہ اور غیرذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ اسلامی کانفرنس کے بیان میں اقوام متحدہ' روس اور یورپی یونین سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کے جارحانہ فیصلے کو روکیں کیونکہ یہ مسلمانوں کیلئے انتہائی اشتعال انگیز ہے جس سے تشدد کا ایک نیا سلسلہ چل نکلنے کا خدشہ ہوگا جو مقبوضہ فلسطینی علاقے کی نازک صورتحال کو مزید غیرمستحکم کردیگا۔ پاکستان کے قائم مقام مستقل نمائندے امجد حسین سیال نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو اس ناجائز فیصلے سے باز رکھنے کیلئے فوری اقدامات کرے۔
Post New Comment