کابل (اے ایف پی) طالبان ترجمان قاری یوسف احمدی نے کہا ہے کہ ہلمند کے علاقے لشکرگاہ میں طالبان نے قابض فوج کا ہیلی کاپٹر مار گرایا جس کے نتیجے میں 2 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ نیٹو فوج کے کمانڈر کیٹائی کیندرک نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثاتی طور پر گر کر تباہ ہوا لیکن طالبان کے حملے کو خارج از امکان نہیں دیا جا سکتا اور اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں گذشتہ ماہ جون کے دوران 60 امریکی فوجی ہلاک ہوئے جوکہ 9 سالہ جنگ کا ایک ریکارڈ ہے۔ دریں اثناءافغانستان میں جھڑپوں کے دوران دو برطانوی فوجی ہلاک ہو گئے۔ برطانوی وزارت دفاع کے مطابق صوبہ ہلمند کے علاقے لشکرگڑھ میں جھڑپ کے دوران برطانوی فوجی اپنے زخمی ساتھی کو محفوظ مقام پر منتقل کرتے ہوئے فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔ دونوں فوجیوں پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ ادھر آسٹریلیا نے افغان علاقے ارزگان میں 100 سے زائد مترجم کو ویزہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ مذکورہ مترجم آسٹریلوی فوج نے فارغ کر دئیے ہیں اور اب وہ خوفزدہ ہیں کہ طالبان انہیں قتل کر دیں گے۔
Post New Comment