استنبول(آن لائن)اسلامی کانفرنس تنظیم کے سیکرٹری جنرل پروفیسراکمل الدین احسان اوگلو نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فلسطین میں مذہبی مقامات کی بے حرمتی کرارہا ہے۔مڈل ایسٹ اسٹڈی سینٹر کی رپورٹ کے مطابق استنبول میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مغربی کنارے کے شہر یاسوف میں جمعہ کے روز یہودی آباد کاروں کے ہاتھوں مسجد کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کی۔اکمل الدین احسان اوگلو کا کہنا تھا کہ فلسطین میں مسجد کی بے حرمتی، قرآن پاک کو نذرآتش کرنے کے واقعہ اور مسجد کی دیواروں پرنسل پرستانہ کلمات کی قلمبدی اسلام اور مسلمانوں کے مذہبی مقامات کے خلاف یہودیوں کی دشمنی کا کھلا ثبوت ہے۔انہوں نے عالمی برادری کی توجہ فلسطین میں یہودیوں کے ہاتھوں مذہبی مقامات کی مسلسل ہونے والی بے حرمتی کی جانب مبذول کراتے ہوئے اس کے انسداد کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ گذشتہ جمعہ کی صبح کو قابض یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے مغربی کنارے میں سلفیٹ کے قریب یاسوف کے مقام پر جامع مسجد خضر کو آگ لگادی تھی جس میں مسجد کی لائبریری اور قرآن پاک کے متعدد نسخے جل کرخاکستر ہوگئے تھے، جبکہ اس موقع پر یہودی آباد کاروں نے مسجد کی دیواروں پراسلام اور مسلمانوں کے خلاف نازیبا الفاظ بھی تحریر کئے۔
Post New Comment