کابل، ہرات (اے ایف پی) ہرات میں امریکی قونصل خانے کی عمارت پر چار راکٹ داغے گئے جس سے عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ صوبے کے ڈپٹی پولیس چیف دلاور شاہ کے مطابق حملے کے وقت کچھ غیرملکی عمارت کے اندر موجود تھے تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ادھر صوبہ لوگر میں ایک حملہ آور کی فائرنگ سے حساس ادارے کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔ حملہ آور نے کھیل کے میدان میں فائرنگ شروع کر دی جبکہ گارڈ نے فائرنگ کرکے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ ہلمند میں ڈنمارک کے فوجیوں کی گاڑی گشت کے دوران سڑک کنارے نصب بم کی زد میں آ گئی جس سے ایک فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ افغان صوبہ ہرات میں ایک ہسپانوی فوجی اس وقت ہلاک ہو گیا جب وہ بکتربند گاڑی کے نیچے آ گیا۔ قندوز کے پولیس سربراہ عبدالرزاق یعقوبی نے بتایا کہ طالبان نے چار درہ اور گورتپہ کے علاقے میں جاسوسی کے الزام میں 3 افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ ادھر صوبہ قندھار میں سڑک کنارے بم دھماکے میں ایک افغان پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔
Post New Comment