کابل (اے پی پی) امریکہ کے وزیر دفاع غیراعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد کامیابیوں کے باوجود طالبان کیخلاف فتح کا دعویٰ نہیں کرسکتے۔ آنے والے دنوں میں طالبان کے ساتھ شدید قسم کی معرکہ آرائیاں ہوسکتی ہیں۔ امریکی وزیردفاع نے کہا کہ وہ افغان صدر سے طالبان کو قومی دہارے میں شامل کرنے کی پیشکش پر اب تک کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کی نچلی سطح کی قیادت میں حکومت کے ساتھ ملنے کی امید ہے تاہم جب تک اعلیٰ قیادت یہ سمجھتی رہے گی کہ وہ جنگ جیت رہے ہیں وہ سرنڈر نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر اوباما نے افغانستان میں مزید 30000 فوج بھیجنے کا جو اعلان کیا تھا اس میں ابھی تک صرف 6 ہزار تعینات کئے جاسکے ہیں۔ رابرٹ گیٹس نے تشویش ظاہر کیکہ ایران نے افغانستان میں دو رخی پالیسی اپنائی ہوئی ہے ایک طرف وہ افغان حکومت کی حمایت جبکہ دوسری طرف وہ امریکہ کی جڑیں کھوکھلی کررہا ہے۔ وہ امریکہ کو افغانستان میں کامیاب ہوتا دیکھنا نہیں چاہتا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ایران عسکرت پسندوں کی پوری طرح حمایت نہیں کررہا تاہم افغانستان میں امریکی مفادات کیلئے اسے مزید کچھ کرنا ہوگا۔
Post New Comment