سرینگر (اے ایف پی) مقبوضہ کشمیر کے پہاڑی قصبے گلمرگ میں واقع فوج کے ”ہائی آلٹیٹیوڈ وار فیئر سکول“ کی عمارت بھاری برفانی تودے کی زد میں آ گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کم سے کم سترہ فوجی ہلاک اور سترہ زخمی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک فوجی افسر بھی شامل ہے۔ فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جے ایس برار کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افسر کا نام لیفٹیننٹ پرتیک ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جو سترہ فوجی زخمی ہیں انہیں زیادہ چوٹ نہیں آئی ہے۔ یہ زخمی فوجی مقامی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ بارہ مولہ کے سینئر پولیس افسر شکیل بیگ کے مطابق پیر کی صبح گلمرگ کی بلند ترین چوٹی کھلن مرگ پر پہلے برفانی طوفان آیا اور بعد میں تیز ہواوں کی وجہ سے ایک بھاری برفانی تودا کھسک آیا جو قریب واقع اس وارفیئر سکول کی عمارت پر گرا۔ لیفٹیننٹ کرنل جے ایس برار کا کہنا ہے کہ سکول میں تین سو زیرتربیت فوجیوں، ایک سو ماہرین اور چند مزدوروں سمیت کل چار سو افراد موجود تھے جن میں سے ستر فوجی اہلکار برف کے نیچے دب گئے۔ فوجی حکام نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ صوبائی انتظامیہ نے اپنے مخصوص ”گشتی دستے“ جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دئیے ہیں۔ محکمہ سیاحت کے سربراہ نے بتایا کہ ”برفانی تودے کھسکنے کا خطرہ ابھی بھی ہے کیونکہ نچلے خطوں میں کم برفباری ہوئی اور بالائی علاقوں میں زیادہ برفباری ہو رہی ہے“ محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ میں فی الوقت ساڑھے چار فٹ برف جمع ہے جبکہ بھاری برفباری ہو رہی ہے۔ گلمرگ کی بلند ترین پہاڑی چوٹی کھلن مرگ پر 1947ءمیں فوجی کی انیس انفنٹری نے ایک سکی سکول قائم کیا جسے 1962ءمیں ملک کا جدید ترین ہائی آلٹیٹیوڈ وارفیئر سکول بنایا گیا۔
Post New Comment