تازہ ترین:

کابل : طالبان کے ساتھ تعلق کے الزام میں اعلی پولیس افسر گرفتار

ـ 8 فروری ، 2010
  • Adjust Font Size

کابل (اے ایف پی) امریکی فوج نے طالبان کے ساتھ تعلق اور کرپشن کے الزام میں صوبہ کپیسا کے نائب پولیس سربراہ عطاءاللہ وہاب کو گرفتار کر لیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عطاءاللہ نے دھماکہ خیز مواد تقسیم‘ سٹور کرنے اور بم نصب کرنے میں طالبان کی مدد کی۔ یاد رہے کہ اس برس افغانستان میں بم دھماکوں سے 57 غیر ملکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ادھر جنوبی افغانستان میں طالبان کے خلاف امریکی اور اتحادی افواج کے متوقع بڑے آپریشن کے تناظر میں ہزاروں شہریوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اتحادی اور افغان افواج نے جنوبی افغانستان کے صوبہ ہلمند کے علاقہ مرجا میں آپریشن ”مشترک“ شروع کرنے کیلئے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دےدی ہے جبکہ دوسری جانب طالبان نے بھی اتحادی افواج کے خلاف بھرپور طریقہ سے لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے نامعلوم مقام سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرجا اور ملحقہ علاقوں میں ہمارے ساتھی بڑی تعداد میں موجود ہیں، ہم ہر قسم کی لڑائی کیلئے تیار ہیں۔ اتحادی افواج کے ذرائع کے مطابق ہلمند میں طالبان کے خلاف یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا آپریشن ہو گا۔ مرجا کے علاقہ کو ہلمند میں طالبان کا آخری مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ ہلمند میں اس سے قبل آپریشن خنجر بھی شروع کیا گیا تھا جس کے دوران صوبائی دارالحکومت لشکر گاہ اور ملحقہ علاقوں میں پوست کی فصل تلف کر دی گئی تھی۔ آپریشن مشترک کی قیادت برطانوی جنرل نک کارٹر کو سونپی گئی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مرجا کے علاقہ کو طالبان سے خالی کیا جائے گا اور یہ علاقہ افغان حکومت کے کنٹرول میں آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں طالبان لڑاکے موجود ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ علاقہ میں آپریشن کے تناظر میں لوگوں کی نقل مکانی شروع ہو گئی ہے۔ افغان حکام کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں لوگ آپریشن کی زد میں آنے والے متوقع علاقوں سے نکل رہے ہیں۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions