استنبول+ نیو یارک ( اے ایف پی) امریکہ نے افغانستان میںبڑھتی ہوئی ہلاکتوں کو روکنے کیلئے اتحادی افواج کو جدید گاڑیاں فراہم کرنے کی پیشکش کردی ہے غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی سیکرٹری دفاع رابرٹ گیٹس نے گزشتہ روز استنبول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تمام اتحادی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مزید چار ہزار فوجی افغانستان بھیجیں تاکہ افغان فورسز کی تربیت دے کر افغانستان کا کنٹرول ان کے حوالے کیا جائے۔ سینئر امریکی اور نیٹو حکام نے بتایا کہ اتحادی ممالک افغانستان میں مزید لڑاکا فوج بھیجنے کے بجائے وہاں ٹرینرز بھیجنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ افغان فوج ملک کی سکیورٹی سنبھالنے کے قابل ہو سکے۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان طے پانے والی کسی بھی ڈیل میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کا لازمی عزم کیا جانا چاہیے ، خواتین کے حقوق اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لئے قائم اقوام متحدہ کی 23 رکنی کمیٹی نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ڈیل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔اور کہا ہے کہ اگر اس قسم کی کوئی ڈیل ہوئی ہے تو خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔کیونکہ طالبان نے 2001 سے قبل خواتین کے حقوق سلب کر رکھے تھے اور لڑکیوں کو سکول جانے تک کی اجازت نہیں تھی۔نیٹو کے سیکرٹری جنرل اینڈ رس فوگ رسموسن نے پیشن گوئی کی ہے کہ افغانستان میں نیٹو فورسز کو مزید لڑائی کا سامنا ہوگا۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق افغان صورتحال پر غور کےلئے نیٹو وزراءدفاع اور نان نیٹو ممالک کے حکام کا اجلاس استنبول میں ہورہاہے اجلاس میں افغان سیکورٹی فورسز کی تربیت کے سلسلے میں غور کیا جارہاہے اجلاس میں2011 ءسے اتحادی افواج کے انخلاءاور کنٹرول مقامی فورسز کے حوالے کرنے کےلئے تربیتی عمل تیز کرنے کی حکمت عملی طے کی جائےگی۔
Post New Comment