دوحہ (اے ایف پی + ریڈیو نیوز) القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن نے کہا ہے کہ امریکی صدر بارک حسین اوباما نے پاکستان کو سوات آپریشن کیلئے مجبور کیا ہے۔ قطر کے الجزیرہ ٹی وی کو اپنے نئے آڈیو پیغام میں اسامہ بن لادن نے صدر بارک اوباما کی مسلم دنیا کے حوالے پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا کہ امریکہ مسلمانوں کا دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوباما اور بش نے دنیا بھر میں انتقام اور نفرت کا بیج بویا ہے‘ امریکی صدر اوباما کی پالیسیاں بش سے مختلف نہیں۔ اسامہ بن لادن نے امریکہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں اور کہا ہے کہ امریکی عوام وائٹ ہائوس کی پالیسیوں کا خمیازہ بھگتنے کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ مسلمانوں کے خلاف اپنی پرانی روش تبدیل کرے۔ دوسری جانب سعودی عرب نے اسامہ بن لادن کے نئے پیغام کو مسترد کر دیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسامہ بن لادن کے بیان سے القاعدہ کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوتی ہے۔ اسامہ بن لادن غاروں میں چھپے صرف بیان داغ رہے ہیں۔ جبکہ امریکہ نے الزام لگایا ہے کہ اسامہ بن لادن تہذیبوں کے درمیان تصادم چاہتے ہیں۔
Post New Comment