بغداد (اے ایف پی) عراق کے دارالحکومت بغداد میں زائرین پر خاتون کے خودکش حملے میں 54 افراد جاں بحق اور 130 زخمی ہوگئے۔ حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے سلسلے میں زائرین کا قافلہ بغداد سے کربلا معلیٰ جا رہا تھا کہ خودکش حملہ ہوگیا۔ دھماکے سے ہر طرف خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگڈر مچ گئی۔ سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے۔ادھر امریکی اخبار دی نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی جسٹس ڈیپارٹمنٹ عراق میں بلیک واٹرز کی مبینہ بدعنوانیوں کی تحقیق کر رہا ہے۔ اخبارکے مطابق 2007ءمیں بغداد کے نصور چوک میں بلیک واٹر کے اہلکاروں کی فائرنگ سے 17 عراقیوں کی ہلاکت کے بعد بلیک واٹر کے افسروں نے عراقی حکومت کو رشوت دینے کی کوشش کی تاکہ وہ عراق میں کام جاری رکھ سکے۔ اخبار نے سابق اور موجودہ حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلیک واٹر کیخلاف تحقیقات کا آغاز پچھلے سال ہوا تھا جس میں اس بات کا تعین کیا جا رہا تھا کہ بلیک واٹر کے ملازمین نے غیرملکی افسروں کو رشوت دے کر امریکی قانون کی خلاف ورزی کی ہے یا نہیں۔ ٹائمز کے مطابق پچھلے دسمبر میں ایک فیڈریل جج نے بلیک واٹر کے پانچ افسروں کے حق میں فیصلہ دیا تاہم حال میں نائب صدر جوزف بائیڈن نے اعلان کیا کہ حکومت اس فیصلے کیخلاف اپیل کرے گی۔
Post New Comment