لاہور (کلچرل رپورٹر) اداکار محمدعلی اور اداکارہ زیبا بیگم کو ایشیا کے 25 بہترین اداکاروں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔ یہ فہرست سی این این نے جاری کی ہے۔ اس فہرست میں محمدعلی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا گیا کہ محمدعلی جذبات کے شہنشاہ اور پاکستان کے سب سے بڑے ایکٹر تھے۔ انہوں نے تین سو سے زائد فلموں میں کام کیا ہے۔ وہ ہیرو اور ولن کے کرداروں میں یکساں مقبول تھے اور وہ فطری اداکار تھے۔ محمدعلی ابتدا میں ولن کے کردار کرتے تھے۔ 1964ءمیں انہوں نے فلم ”شرارت“ میں ہیرو کا کردار ادا کیا جو بہت پسند کیا گیا۔ اس فلم کے بعد محمدعلی کو مختلف کرداروں میں کاسٹ کیا جانے لگا۔ زیبا بیگم کے بارے میں لکھا گیا ہے کہ زیبا کا شمار پاکستان کی چند ممتاز اداکاراوں میں ہوتا ہے۔ وہ بہت خوبصورت اور ایک باصلاحیت اداکار ہیں۔ 1966ءمیں انہوں نے فلم ”ارمان“ میں بہترین اداکاری کی۔ یہ پاکستان کی پہلی اردو فلم تھی جس نے پلاٹینیم جوبلی کی۔ سی این این کی طرف سے اداکار محمدعلی اور اداکارہ زیبا بیگم کو ایشیا کے 25 بہترین اداکاروں میں شامل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے زبیا بیگم نے کہا ہے کہ مجھے اور علی کو یہ جو اعزاز دیا گیا ہے یہ پاکستان کا اعزاز ہے۔ کوئی بھی آرٹسٹ ملک کے سفیر ہوتے ہیں۔ اس لحاظ سے جو اعزاز ہمیں ملا ہے یہ پاکستان کو ملا ہے۔ آج علی ہوتے تو انہیں بہت خوشی ہوتی۔ ان کے انتقال کو چار سال ہونے والے ہیں۔ 19 مارچ کو ان کی چوتھی برسی منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائیگا اور ان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی۔
Post New Comment