لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب پاسکو کو دھان کی خریداری کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ کاشتکاروں کو مقررہ قیمت کی ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔ یہ بات صوبائی وزیر زراعت پنجاب ملک احمد علی اولکھ نے زراعت ہائوس لاہور میں منعقدہ اجلاس کے دوران کاشتکاروں کی نمائندہ تنظیموں اور ترقی پسند کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں عارف ندیم سیکرٹری زراعت پنجاب‘ طاہر خورشید سپیشل سیکرٹری زرعی مارکیٹنگ‘ ڈاکٹر انجم علی ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)‘ ڈاکٹر اعجاز پرویز ڈائریکٹر جنرل (پیسٹ وارننگ) کے علاوہ انجمن کاشتکاران پنجاب‘ کسان بورڈ کے نمائندوں‘ باسمتی گرورز ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور رائس ورکنگ گروپ کے ممبران نے شرکت کی۔ وزیر زراعت نے کاشتکاروں کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب دھان کے کاشتکاروں کے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی اور خریداری کے عمل کو موثر بنانے کیلئے وفاقی حکومت کی بھرپور معاونت کرے گی۔ خریداری کی طے شدہ پالیسی کے مطابق پاسکو کو حسب سابق یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے لیکن دھان کی خریداری کے عمل کو شفاف اور آسان بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو بھرپور تعاون اور مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ وزیر زراعت نے پاسکو کو فوری طور پر دھان کی خریداری کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ خریداری کے اس عمل میں بااثر لوگوں کی بجائے چھوٹے کاشتکاروں کو ترجیح دی جائے گی اور سیاسی مداخلت کو ہر سطح پر روکا جائے گا تاکہ خریداری کے عمل سے مارکیٹ میں قیمتوں میں استحکام آئے اور چھوٹے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا معاوضہ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے پاسکو کو وفاقی حکومت کی اعلان کردہ قیمت کے مطابق کاشتکاروں سے سپر باسمتی 1250 روپے فی من‘ باسمتی 385 اور باسمتی 2000‘ 1000روپے فی من اور اری اقسام 600روپے فی من کے حساب سے خرید کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
Post New Comment