لاہور (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بینک نے مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیمہ کارکو ادائیگی کےلئے صارفین سے وصول کئے گئے انشورنس پریمیئم کا حصہ اپنے پاس نہیں رکھیں۔مالیاتی ادارے خدمات فراہم کنندگان کو مختلف مدوں میں کی جانے والی ادائیگی کے ضمن میں صارفین سے اپنی اصل لاگت سے زیادہ کوئی رقم بھی وصول نہیں کریں۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ ایک سرکلر (بی پی آرڈی سرکلر لیٹر نمبر5) کے مطابق بینکوں/ ترقیاتی مالیاتی اداروں کو اپنے صارفین کے ساتھ معاہدہ کرتے وقت ان سے وصول کئے جانے والے تمام چارجز کی تفصیل سے واضح طورپر آگاہ کرنا چاہئے اوریہ تفصیل ان کے شیڈول آف چارجز میں بھی درج ہونی چاہئے۔ سرکلر میں تمام بینکوں/ترقیاتی مالیاتی ادارو ں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سختی سے ان ہدایات پران کی اصل روح کے مطابق عمل کریں ۔ خلاف ورزی کی صورت میں ان کے خلاف بینکنگ کمپنیز آرڈیننس، 1962 کے تحت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
Post New Comment