لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر ٹیکسٹائل انڈسٹری رانا فاروق سعید نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے نقد اور امداد کے ساتھ پاکستانی مصنوعات کیلئے اپنی منڈیاں کھول دے۔ بدھ کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ امریکہ کو 20 لاکھ گانٹھ خام کپاس کے برابر امداد بھی دینی چاہئے تاکہ ملک کا تجارتی خسارہ بڑھنے نہ پائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر ہیٹی کو آفت کے بعد امریکی مارکیٹ تک آسان رسائی دی جا سکتی ہے تو پاکستان کو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دیگر قربانیوں کی وجہ سے تجارتی رعایتیں دی جا سکتی ہیں۔ سیلاب کے بعد تو پاکستان ان رعایتوں کا زیادہ حقدار ہے۔ انہوں نے کہاکہ کالا باغ ڈیم پی پی پی کے چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے شروع کرا دیا تھا مگر بعد میں فوجی آمر ضیاءالحق نے اس کو متنازعہ بنا دیا جس کی وجہ سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو بھی اس ڈیم پر کام نہ کرا سکیں۔
Post New Comment